Sunday, September 8, 2024

منی بجٹ بل سینیٹ میں پیش، اپوزیشن کا احتجاج اور شور شرابا

منی بجٹ بل سینیٹ میں پیش، اپوزیشن کا احتجاج اور شور شرابا
January 4, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) منی بجٹ بل سینیٹ میں پیش کر دیا گیا۔ اس دوران اپوزیشن نے احتجاج اور شور شرابا کیا۔

چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی کی صدارت میں سینٹ کا اجلاس ہوا۔ وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین نے فنانس ترمیمی بل 2021 ایوان میں پیش کیا تو اپوزیشن نے شورشرابہ کیا۔ بل کی کاپی پیش کئے جانے پر اپوزیشن نے احتجاج کیا تو چئیرمین سینیٹ نے بل کی کاپی متعلقہ قائمہ کمیٹی کو بھجواتے ہوئے ہدایت کی کہ تین روز کے اندر قائمہ کمیٹی اپنی سفارشات جمع کرائے۔

اپوزیشن کے سینٹر رضاربانی نے بل کے حوالے سے اظہار خیال میں کہا کہ آئی ایم ایف کی ایما پر منی بل ایوان میں پیش کیا گیا۔ وزیر خزانہ نے گذشتہ روز کہا  کہ آئی ایم ایف کی اس بار سخت شرائط تھیں،عوام جاننا چاہتی ہے کہ کونسی سخت شرائط ہیں۔

رضا ربانی نے مطالبہ کیا کہ اس ایوان اور قوم کو اعتماد میں لیا جائے۔ یہ قوم امریکہ اور آئی ایم ایف کے سامنے سیسہ پلائی دیوار ثابت ہو گی۔

شیری رحمٰن کا سینیٹ میں اظہار خیال رتے وئے کہنا تھا مہنگائی آسمان کو چھو رہی ہے۔ عوام کے لیے دو وقت کی روٹی مشکل ہو گئی ہے۔ آئی ایم ایف کو ہم نے بھی بھگتایا ہے۔ اِنہوں نے ملک کا حال ہی اتنا برا کردیا کہ شاید دوبارہ بھی آئی ایم ایف جانا پڑے۔ کوئی دورائے نہیں  منی بجٹ پاکستان کے معاشی قتل کے مترادف ہے۔