Friday, April 26, 2024

منحرف رکن کا ووٹ شمار نہیں ہوسکتا، سپریم کورٹ

منحرف رکن کا ووٹ شمار نہیں ہوسکتا، سپریم کورٹ
May 17, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) – سپریم کورٹ نے آرٹیکل 63 اے سے متعلق صدارتی ریفرنس کی تشریح پر محفوظ فیصلہ سنادیا، فیصلے کے مطابق منحرف رکن کا ووٹ شمار نہیں ہوسکتا۔ منحرف ارکان تا حیات نا اہل نہیں ہوں گے۔

سپریم کورٹ نے تین دو سے رائے سنادی، جسٹس مندوخیل اور مظہر عالم نے اختلاف کیا، اختلافی ججز نے ڈی سیٹ کرنے کی رائے دی۔

فیصلے کے مطابق آرٹیکل 63 اے کو اکیلئے نہیں پڑھا جا سکتا، آرٹیکل 17 کے تحت سیاسی جماعتوں کے حقوق ہیں۔ 63 اے سیاسی جماعت کے حقوق کا تحفظ کرتا ہے، سیاسی جماعتیں جمہوریت کی بنیاد ہیں، انحراف کرنا سیاسی جماعتوں کو غیر مستحکم اور پارلیمانی جمہوریت کو ڈی ریل بھی کر سکتا ہے۔ آرٹیکل 63 اے کی اصل روح ہے کہ سیاسی جماعت کے کسی رکن کو انحراف نہ کرنا پڑے۔ منحرف رکن کا ووٹ شمار نہیں ہوگا۔

عدالتی فیصلے کے مطابق منحرف ارکان تا حیات نا اہلی سے بچ گئے، منحرف ارکان کی نااہلی کیلئے قانون سازی کرنا پارلیمان کا اختیار ہے، وقت آ گیا ہے کہ منحرف ارکان کے حوالے سے قانون سازی کی جائے۔ مستقبل میں انحراف روکنے کا سوال عدالت نے صدر کو واپس بھجوا دیا۔