Monday, May 13, 2024

تعمیر اور ترقی دھرنوں اور نعروں سے نہیں ہوتی، وزیراعظم شہباز شریف

تعمیر اور ترقی دھرنوں اور نعروں سے نہیں ہوتی، وزیراعظم شہباز شریف
December 5, 2022 ویب ڈیسک

منگلا (92 نیوز) - وزیراعظم شہباز شریف کہتے ہیں کہ تعمیر اور ترقی دھرنوں اور نعروں سے نہیں ہوتی، سیاسی استحکام کیلئے ہمیں اختلافات اور ذاتیات سے بالاتر ہوکر آگے بڑھنا ہوگا۔

منگلا ڈیم کے یونٹ 5 اور 6 کے بحالی منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اتحادی حکومت چیلنجز کا مقابلہ کرنے کی کوشش کررہی ہے، مزید بولے وقت آگیا ہے کہ ناراض دوست ممالک کو منایا جائے، پاک امریکا تعلقات کو نئی سمت دیں گے۔

شہباز شریف نے کہا کہ منگلا ڈیم کے بحالی منصوبے کا افتتاح باعث فخر ہے، یہ ملکی تاریخ میں اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ منصوبے کیلئے امریکی تعاون پر شکر گزار ہیں، شمسی توانائی سے ہم 10 ہزا ر میگاواٹ بجلی بنانے کے قابل ہوئے ہیں۔

وزیراعظم نے سوال اٹھایا کہ وہ کون سے محرکات اور لابی تھی کہ ڈیم نہیں بننے دیئے گئے؟ اب ہم مہنگی بجلی کے متحمل نہیں ہوسکتے، 60 ہزار میگاواٹ بجلی نہ بنانے کے ذمہ دار ہم سب ہیں۔ اگر ہم نے ڈیمز کی تعمیر پر توجہ دی ہوتی تو آج پاکستان بڑے نقصان سے بچ جاتا، رونے دھونے، تماشہ لگانے سے کچھ نہیں ہوگا، شبانہ روز محنت کرنی ہوگی۔

شہباز شریف نے کہا کہ قول وفعل میں تضاد کے عمل کو ختم کرکے ہمیں ملک کے لیے آگے آنا ہوگا، ہم خیرات کا مطالبہ نہیں کررہے، ہمیں دنیا سے موسمیاتی تبدیلی کے معاملے پر انصاف چاہیے۔ شرم الشیخ  میں عالمی  پلیٹ فارم پر  اپنا  مقدمہ لڑا۔