Thursday, April 25, 2024

منچھر جھیل کی سطح نیچے آنے لگی مگر سیلابی ریلہ انفرااسٹرکچر تباہ کر گیا

منچھر جھیل کی سطح نیچے آنے لگی مگر سیلابی ریلہ انفرااسٹرکچر تباہ کر گیا
September 15, 2022 ویب ڈیسک

کراچی (92 نیوز) - منچھر جھیل کی سطح نیچے آنے لگی مگر سیلابی ریلہ اربوں روپے کا انفرااسٹرکچر تباہ کر گیا۔

سندھ کا ضلع دادو سب سے زیادہ تباہ ہوا، ہر تحصیل ڈوب گئی۔ مکانات، فصلیں اور مویشی سب ہی پانی میں بہہ گئے۔ اس وقت بھی کئی علاقوں میں تین سے پانچ فٹ پانی جمع ہے۔ لاکھوں لوگ گھروں سے بےگھر ہو گئے ہیں۔

ضلع قمبر شہداد کوٹ میں سیلاب نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی۔ ضلعی انتظامیہ اور محکمہ ایریگیشن کی ایف پی بچاؤ بند اور مختلف سیم نالے کو پڑنے والے شگاف اب تک بند  نہیں کئے  ہیں۔ کاشتکاروں کی فصلیں مکمل ڈوب گئی ہیں۔ یہاں بھی لاکھوں مکین سڑکوں اور ریلیف کیمپوں میں منتقل ہو گئے ہیں۔ منچھر جھیل میں کٹ لگنےسے ضلع جامشورو کے سینکڑوں دیہات ڈوب چکےہیں۔ مکین دربدر کے ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں۔

سندھ میں سیلاب لاکھوں مکینوں کا سب کچھ بہا لے گیا۔ جو زندہ بچے ہیں وہ اب بھوک اور بیماروں  سے لڑ رہے ہیں۔ متاثرین کہیں راشن نہ ملنے کا شکوہ کر رہے ہیں تو کہیں میڈیکل کی سہولیات دستیاب نہیں ہیں۔ ملیریا، ڈینگی اور گیسٹرو کی بیماریاں پھوٹ پڑی ہیں۔ متاثرین جلدی امراض کا بھی شکار ہو رہے ہیں لیکن ڈاکٹر اور ادویات نہیں مل رہی۔