Saturday, May 18, 2024

منچھر جھیل کے سیلابی پانی کی تباہ کاری، دادو اور بھان سعید آباد میں ہر طرف پانی ہی پانی

منچھر جھیل کے سیلابی پانی کی تباہ کاری، دادو اور بھان سعید آباد میں ہر طرف پانی ہی پانی
September 11, 2022 ویب ڈیسک

دادو (92 نیوز) - منچھر جھیل کے سیلابی پانی کی تباہ کاری جاری ہے، دادو کے بند میں شگاف سے دادو اور بھان سعید آباد میں ہر طرف پانی ہی پانی بھر گیا۔

لبالب بھری منچھرجھیل پر پے درپے کٹ لگانے کے بعد پانی تیزی سے اطراف میں پھیل رہا ہے۔ بھان سعید آباد میں سیلابی ریلہ داخل ہوگیا ہے۔ سیلاب متاثرین کی خیمہ بستی سمیت 132 کے وی گرڈ اسٹیشن زیر آب آگیا۔ بھان سعید آباد میں ہزاروں افراد کی نقل مکانی جاری ہے۔

متعدد کٹ لگانے کے باوجود منچھرجھیل پر سیلابی ریلے کا دبائو برقرار ہے، جھیل میں پانی کی سطح کم ہونے کے بجائے بڑھ گئی ہے۔ ایل ایس بچاؤ بند پر دریائے سندھ میں پانی کی سطح میں چھ انچ کمی آئی ہے۔

کرم پور لنک روڈپر دریائے سندھ اورمنچھر کے سیلابی ریلے کے درمیان مزید شگاف ڈالنے کا سلسلہ جاری ہے۔ اب دریائے سندھ میں منچھر جھیل کا سیلابی ریلا گزررہا ہے۔

سکھر بیراج اور گڈو بیراج کے مقام پر دریائے سندھ کی صورتحال نارمل ہونے لگی، کوٹری بیراج کے مقام پر اونچے درجے کا سیلاب ہے، قریبی علاقے پہلے ہی پانی میں ڈوبے ہیں۔

دوسری جانب سیلاب زدہ علاقوں میں متاثرین کی مشکلات میں کمی نہ ہوئی، میہڑ میں سیلاب زدگان کیلئے پہلی بار راشن پہنچنے پر بد انتظامی دیکھنے میں آئی، حالات پر قابو پانے کے لیے پولیس کی جانب متاثرین پر لاٹھی چارج کیا گیا، ہزاروں سیلاب زدگان ٹینٹ اور راشن کیلئے ٹرکوں کے پیچھے دوڑتے رہے۔

قمبر شہدادکوٹ میں متاثرین کی جانب سے امداد نہ ملنے پر ڈپٹی کمشنر کیخلاف احتجاج کیا گیا۔ لاڑکانہ کی خیمہ بستی میں امدادی سامان کی تقسیم کے دوران بھی متاثرین لڑ پڑے۔