Saturday, May 18, 2024

منچھر جھیل کا سیلابی پانی دریائے سندھ کی جانب بڑھنے لگا، انڈس ہائی وے وسیکڑوں دیہات زیرِآب

منچھر جھیل کا سیلابی پانی دریائے سندھ کی جانب بڑھنے لگا، انڈس ہائی وے وسیکڑوں دیہات زیرِآب
September 10, 2022 ویب ڈیسک

دادو (92 نیوز) - منچھر جھیل کا سیلابی پانی تباہی پھیلاتا ہوا دریائے سندھ کی جانب بڑھنے لگا۔ انڈس ہائی وے سمیت اہم شاہراہیں اور مزید سیکڑوں دیہات زیرِآب آگئیں۔

جھیل کے بند پر مزید دو کٹ لگانے سے پانی دادو اور بھان سعید آباد میں داخل ہوگیا، گھروں کے علاوہ ہزاروں ایکٹر پر کھڑی فصل بھی ڈوب گئیں۔ جوہی، میہڑ اور خیرپورناتھن شاہ کا ضلعی ہیڈ کوارٹر دادو سے زمینی رابطہ تاحال منقطع ہوگیا۔

منچھر جھیل کے سیلابی ریلے نے رنگ بند میں شگاف کردیا، رنگ بند کو ابسانی کے مقام پر پانچ سو فٹ چوڑا شگاف پڑ گیا، رنگ بند کو شگاف لگنے سے دو سو سے زائد دیہات زیرِآب آگئے۔

دادو تحصیل کی پیر شاھنواز یونین کونسل ڈوب گئی، پانی تیزی سے دیگر علاقوں کی طرف بڑھ رہا ہے، سینکڑوں کی تعداد میں لوگ نقل مکانی پر مجبور ہوگئے۔

منچھر جھیل میں پانی کی سطح بڑھ کر 122 اعشاریہ 2 آر ایل ہے، ایل ایس بچاؤ بند پر دریائے سندھ میں پانی کی سطح میں 6 انچ کمی آئی ہے۔

کرم پور لنک روڈ پر دریائے سندھ اور منچھر کے سیلابی ریلے کے درمیان مزید شگاف ڈالے جا رہے ہیں، بھان کے کچھ دیہات سیلابی ریلے سے متاثر ہیں، دریائے سندھ میں منچھر جھیل کا سیلابی گز رہا ہے۔