Wednesday, May 8, 2024

مناسک حج شروع ہوگئے، عازمین آج رات منیٰ میں قیام کریں گے

مناسک حج شروع ہوگئے، عازمین آج رات منیٰ میں قیام کریں گے
July 7, 2022 ویب ڈیسک

مکہ المکرمہ (92 نیوز) – مناسک حج شروع ہوگئے، عازمین منیٰ پہنچ گئے جہاں وہ آج رات قیام کریں گے۔ کل صبح میدان عرفات روانہ ہوں گے، جہاں حج کا رکن اعظم وقوف عرفہ ادا کیا جائے گا۔

بندہ وصاحب ومحتاج وغنی ایک ہوئے تیری سرکار میں پہنچے تو سبھی ایک ہوئے، اسلامی بھائی چارے کا عظیم مظہر، رنگ ونسل کے بت پاش پاش کرنے کا عملی اظہار، ہرطرف لبیک اللھم لبیک کی پکار، منیٰ میں اللہ کے مہمانوں کے لیے عظیم الشان خیمہ بستی سج گئی۔

دنیا بھر سے آئے عازمین آج رات منیٰ میں قیام کریں گے، عازمین کل صبح میدان عرفات روانہ ہوں گے جہاں حج کا رکن اعظم وقوف عرفہ ادا کریں گے۔

وقوف عرفہ کے دوران حجاج مسجد نمرہ میں خطبہ حج سنیں گے، اس سال خطبہ حج رابطہ عالم اسلامی کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد بن عبدالعزیزالعیسیٰ دیں گے۔ خطبہ حج کا دنیا کی چودہ بڑی زبانوں میں ترجمہ ہوگا، یہاں عازمین حج نمازِظہر اور عصر ایک ساتھ ادا کریں گے۔

غروب آفتاب کے ساتھ عازمین مزدلفہ روانہ ہوں گے جہاں مغرب اور عشاء کی نمازیں اکٹھی ادا کی جائیں گی۔ عازمین رات بھر کھلے آسمان تلے قیام کریں گے اور رمی کیلئے کنکریاں چنیں گے۔

دس ذی الحجہ بروز ہفتہ طلوع آفتاب کے بعد حجاج کرام مزدلفہ سے واپس منٰی روانہ ہونگے جہاں پہلے مرحلے میں بڑے شیطان کو کنکریاں ماری جائیں گی اور پھر قربانی کے بعد سر منڈوا کر احرام کھول دیں گے اور طواف زیارت کریں گے۔

کورونا کے بعد پہلی بار 10لاکھ افراد فریضہ حج ادا کررہے ہیں، جن میں ساڑھے آٹھ لاکھ غیرملکی ہیں۔ رواں برس 80 ہزار سے زائد پاکستانی بھی فریضہ حج ادا کررہے ہیں۔