Saturday, May 4, 2024

مناواں، 10 سالہ بچی سے زیادتی و قتل کا معاملہ، سوئمنگ پول کا مالک قاتل نکلا

مناواں، 10 سالہ بچی سے زیادتی و قتل کا معاملہ، سوئمنگ پول کا مالک قاتل نکلا
September 12, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - لاہور کے علاقے مناواں کے سوئمنگ پول میں زیادتی کے بعد دس سالہ بچی کے قتل کے معاملے میں اہم پیش رفت سامنے آگئی، پول کا مالک ہی قاتل ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

صوبائی دارالحکومت لاہور کےعلاقے مناواں کے علاقے میں 10 سالہ ماریہ سے زیادتی اورقتل کے معاملہ میں تہلکہ خیز انکشاف سامنے آیا ہے کہ سوئمنگ پول کا مالک ملزم علی رضا ہی ماریہ کا قاتل ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق ملزم علی رضا نے بچی کو بسکٹ کھلانے کے بہانے کمرے میں بلایا اور زیادتی کی کوشش کی جس سے بچے بے ہوش ہوگئی۔

ملزم نے بے ہوشی کی حالت میں بچی کا گلا دبا کر قتل کیا، قتل کے بعد بچی کو سوئمنگ پول میں پھینک کر ڈوبنے کا ڈرامہ رچایا اور ون فائیو پولیس کو اطلاع دی۔

وزیر پارلیمانی اُمور محمد بشارت راجہ نے زیادتی کے بعد قتل کی گئی بچی کے ورثاء سے ملاقات کی، صوبائی وزیر نے اپنی اور وزیراعلیٰ کی جانب سے ورثاء سے دلی صدمے اور دُکھ کا اظہار کیا۔ اُنہوں نے پنجاب حکومت کی طرف سے بچی کے لواحقین کو امدادی رقم کا چیک دیا۔

راجہ بشارت کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پرویز الہٰی نے اپنی جیب سے بھی متاثرہ خاندان کیلئے امدادی رقم بھجوائی ہے۔ بچی کے ورثاء نے وزیراعلیٰ پنجاب سے اظہار تشکر اور جلد انصاف ملنے کی امید ظاہر کی۔

واقعہ چند ہفتے قبل مناواں میں سوئمنگ پول میں پیش آیا تھا۔