Friday, April 19, 2024

ممتاز اداکار قاضی واجد کا 93 واں یوم پیدائش

ممتاز اداکار قاضی واجد کا 93 واں یوم پیدائش
May 26, 2023 ویب ڈیسک

کراچی (92 نیوز) - چاند گرہن کا کمال اور خدا کی بستی کا راجہ، ممتاز اداکار قاضی واجد کا 93 واں یوم پیدائش منایا گیا۔ دھوپ کنارے، ان کہی، تنہائیاں اور تعلیم بالغاں سمیت کئی ڈراموں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔

قاضی واجد نے دس برس کی عمر میں ریڈیو پاکستان سے اپنے فنی کیرئیر کا آغاز کیا۔ بچوں کے پروگرام نونہال میں صداکاری کے خوب جوہر دکھائے۔

کئی برسوں تک ریڈیو پاکستان میں کام کرنے کے بعد ساٹھ کی دہائی میں پاکستان ٹیلی ویژن سے منسلک ہوگئے۔ انہوں نےایک سو سے زائد ڈراموں میں کام کیا۔

ڈرامہ خداکی بستی میں راجہ کا کردار ادا کیا اور بہت خوب ادا کیا۔ دھوپ کنارے اور تنہائیاں ڈرامے میں ان کے کردار آج بھی لوگوں کے ذہنوں میں ہیں۔ ان کہی، تعلیم بالغاں، انارکلی جیسے ڈراموں کو عروج بخشنے میں قاضی واجد کی شاندار اداکاری کا بھی کمال ہے۔

قاضی واجد نے تھیڑ اور فلم میں بھی اداکاری کے جوہر دیکھائے۔ شاندار خدمات پر حکومت پاکستان نے انہیں چودہ اگست انیس سواٹھاسی کو صدراتی تمغہ برائے حسن کارکردگی سے نوازا۔

قاضی واجد دل کےعارضے کے سبب گیارہ فروری دوہزار اٹھارہ کو اپنے خالق حقیقی سے جا ملے۔