Saturday, May 4, 2024

ممنوعہ فنڈنگ کیس، عمران خان کی 31 اکتوبر تک عبوری ضمانت منظور

ممنوعہ فنڈنگ کیس، عمران خان کی 31 اکتوبر تک عبوری ضمانت منظور
October 17, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) – ممنوعہ فنڈنگ کیس میں عمران خان کی 31 اکتوبر تک عبوری ضمانت منظور کرلی گئی۔ عدالت نے ایک لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیدیا۔

عمران خان کی فارن ایکسچینج ایکٹ کے تحت درج مقدمہ میں درخواست پر سماعت سپیشل جج سینٹرل راجہ آصف محمود نے کی۔ چیئرمین پی ٹی آئی اپنے وکیل کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔

عمران خان کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے عدالت کو بتایا کہ مقدمہ میں دس ملزمان نامزد ہیں۔ دائرہ اختیار ابھی اسلام آباد ہائیکورٹ نے طے کرنا ہے۔۔ ہم نے ہائیکورٹ سے حفاظتی ضمانت کروائی تھی۔ دائرہ اختیار کا مسئلہ تاحال ہے ہم نے تفتیش جوائن کر لی ہے۔

جج راجہ آصف نے استفسار کیا کہ مقدمہ میں کیا الزامات ہیں؟ جو الزامات لگے ہیں وہ سرکاری ملازم سے متعلق ہوں تو ہمارا اختیار ہے۔ بینک کے ملازم سے متعلق مقدمہ میں اس عدالت کا اختیار نہیں ہے۔

جج راجہ آصف محمود نے ریمارکس میں کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کی ڈائریکشن پر عبوری ضمانت دے رہے ہیں۔ آئندہ سماعت پر آپ نے دائرہ اختیار پر مطمئن کرنا ہے۔

عدالت نے عمران خان کی 31 اکتوبر تک عبوری ضمانت میں توسیع کرتے ہوئے ایک لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دیدیا۔

چیئرمین تحریک انصاف کی پیشی کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔