Sunday, May 19, 2024

ممنوعہ فنڈنگ کیس، عمران خان کی عبوری ضمانت میں 15 فروری تک توسیع

ممنوعہ فنڈنگ کیس، عمران خان کی عبوری ضمانت میں 15 فروری تک توسیع
January 31, 2023 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - ممنوعہ فنڈنگ کیس میں عمران خان کی عبوری ضمانت میں 15 فروری تک توسیع کردی گئی۔ 

 بینکنگ کورٹ میں ممنوعہ فنڈنگ کیس کی سماعت کے دوران وکیل سلمان صفدر نے عمران خان کی عدالت میں پیشی سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی۔

وکیل نے مؤقف اپنایا کہ ان کے مؤکل کو ایک سے زیادہ گولیاں لگی ہیں جس کے باعث نقل و حرکت نہیں کر پا رہے۔ ساتھ ہی کہا ایف آئی اے خود زمان پارک نہیں آنا چاہتی تو سوالنامہ دے دیا جائے۔ ایف آئی اے سے پوچھیں کہ اصل حقائق کیوں نظرانداز کئے جارہے ہیں۔

اس موقع پر اسپیشل پراسیکیوٹر رضوان عباسی بولے کئی ویڈیوز دکھا سکتے ہیں جن میں عمران خان چل پھر رہے ہیں، غریب آدمی پیش نہ ہو تو ضمانت منسوخ ہوجاتی ہے۔ عمران خان آج وارننگ کے باوجود پیش نہیں ہوئے، عدالت ملزم کا کنڈکٹ دیکھ لے۔ قانون اندھا ہوتا ہے مگر اتنا بھی نہیں۔

دلائل سننے کے بعد جج نے عمران خان کے وکیل سے کہا بس بہت ہوگیا، اب میرے پاس کوئی آپشن نہیں، میرٹ پر آپ کا کیس جو بھی ہو ذاتی حاضری ضروری ہے، عدالت نے عمران خان کی عبوری ضمانت میں 10 فروری تک توسیع کرتے ہوئے واضح کیا کہ اگلی تاریخ پر نئی درخواست لانے کی کوشش کی تو ضمانت خارج ہوگی۔ عدالت نے کہا کہ عمران خان بے شک میرے سامنے آکر کھڑے نہ ہوں، نیچے ہی حاضری لگا لیں۔

بعدازاں کیس میں شریک ملزموں طارق شفیع اور فیصل مقبول کے وکیل راجہ قدیر جنجوعہ نے تاریخ تبدیلی کی درخواست دائرکی جس کے بعد عدالت نے کیس کی آئندہ سماعت کی تاریخ 10 کے بجائے15 فروری کو کر دی۔

دوسری جانب عمران خان کے خلاف توشہ خانہ سے متعلق فوجداری کارروائی کے کیس میں بڑی پیش رفت سامنے آگئی، اسلام آباد کی مقامی عدالت نے عمران خان پر فرد جرم عائد کرنے کے لیے 7 فروری کی تاریخ مقرر کر دی۔ عدالت نے سابق وزیراعظم کو 20 ہزار روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم بھی دیا ہے۔