اسلام آباد (92 نیوز) - پاکستان تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن پر تحفظات کا اظہار کردیا۔ پی ٹی آئی رہنماء فرخ حبیب کا کہنا ہے ممنوعہ فنڈنگ کے کیس میں تمام سیاسی جماعتوں کا فیصلہ ایک ساتھ کرنا چاہیے۔
منگل کے روز الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کا ایک طرف جھکاؤ نظر آتا ہے، الیکشن کمیشن کے فیصلے قانون کے مطابق ہونے چاہئیں، جھکاؤ سے نہیں۔
فرخ حبیب بولے کہ 40 ہزار ڈونرز کا ریکارڈ پی ٹی آئی کے پاس موجود ہے، اپنے اکاؤنٹس کا تمام ریکارڈ فراہم کرچکے ہیں، پیپلزپارٹی نے 35 کروڑ اور نون لیگ نے 64 کروڑ کا حساب نہیں دیا۔
اُن کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن نے فیصلہ محفوظ کرلیا ہے، کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں دیگر سیاسی جماعتوں کی سکروٹنی کا عمل مکمل ہوچکا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے پر عمل کرتے ہوئے اوپن کورٹ میں منگوا کر فیصلہ کیا جائے۔
پی ٹی آئی رہنماء بولے کہ الیکشن کمیشن نے تسلیم کیس کیا کہ یہ ممنوعہ فنڈنگ کا کیس ہے، ممنوعہ فنڈنگ میں کسی قسم کی پابندی کسی سیاسی جماعت پر نہیں لگائی جاسکتی۔ مزید کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کا فیصلہ الیکشن کمیشن کو ایک ساتھ کرنا چاہیے، الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے توازن قائم کرے۔