اسلام آباد (92 نیوز) - ممنوعہ فنڈنگ کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو ہر صورت شامل تفتیش ہونے کا حکم دیدیا گیا، زمان پارک میں تفتیش کرنے کی استدعا مسترد کردی گئی، بینکنگ کورٹ نے عمران خان کی عبوری ضمانت میں 31 جنوری تک توسیع کردی۔
بینکنگ کورٹ کی جج رخشندہ شاہین نے عمران خان کے خلاف ممنوعہ فنڈنگ کیس کی سماعت کی۔ شریک ملزمان عامر محمود کیانی، سیف اللہ نیازی سمیت دیگر عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔ عمران خان کے وکلاء کی جانب سے طبی بنیادوں پر استثنیٰ کی درخواست دائر کی گئی۔
دوران سماعت اسپیشل پراسیکیوٹر رضوان عباسی نے عمران خان کی حاضری سے استثنی اور درخواست ضمانت مسترد کرنے کی استدعا کردی، موقف اپنایا کہ نومبر میں پیش آئے واقعہ کے بعد سے عمران خان سیاسی معاملات چلا رہے مگر عدالت پیش نہیں ہوتے۔
عدالتی استفسار پر وکیل نے کہاکہ عمران خان شامل تفتیش ہونا چاہتے ہیں۔
ڈاکٹرز جیسے ہی اجازت دیںگے تو عدالت پیش ہو جائینگے۔ پراسیکیوٹر نے لاہور میں تفتیشی افسر کے جانے کو ناممکن قرار دیتے ہوئے کہا کہ کل کو کوئی دوسرا ملزم کہے گا کوئٹہ آکرتفتیش کرلیں۔
عدالت نے قرار دیا کہ تفتیش کرنا تفتیشی افسر کا کام ہے۔عدالت کوئی ہدایت نہیں دے گی۔ تفتیشی افسرجیسے اورجہاں چاہے تفتیش کریں۔عدالت مداخلت نہیں کرے گی۔
عدالت نے عمران خان کی عبوری ضمانت میں 31 جنوری تک توسیع کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر پیش اورشامل تفتیش ہونے کا حکم دیدیا۔