Friday, April 26, 2024

ممنوعہ فنڈنگ کیس، ایف آئی اے نے اسد قیصر، محمود الرشید اور عمران اسماعیل کو طلب کرلیا

ممنوعہ فنڈنگ کیس، ایف آئی اے نے اسد قیصر، محمود الرشید اور عمران اسماعیل کو طلب کرلیا
August 7, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - ممنوعہ فنڈنگ کیس پر پی ٹی آئی کو مشکل درپیش آگئی، ایف آئی اے نے اسد قیصر، محمود الرشید اور عمران اسماعیل کو طلب کر لیا۔ 

ایف آئی اے پشاور نے اسد قیصر کو بارہ اگست کو طلب کیا، ایف آئی اے لاہور میں محمود الرشید کو بھی گیارہ اگست کو طلب کیا گیا ہے، کراچی میں عمران اسماعیل کی پندرہ اور سیما ضیا کی بارہ اگست کو طلبی ہے۔ نجیب ہارون کو بھی طلب کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ڈائریکٹر اکنامک کرائم ونگ ایف آئی اے نے ڈی جی ایف آئی اے محسن بٹ کی منظوری سے تمام زونل ہیڈز ڈائریکٹر کو مراسلہ بھی ارسال کردیا۔ زونل آفیسرز اور سرکل انچارجز کو اپنے دائرہ کار کے تحت تحقیقات شروع کرکے مکمل تعاون کی ہدایت بھی کردی۔ ایف آئی اے زونز اپنے اپنے دائرہ اختیار میں آنے والی کمپنیز و معاملات کی تحقیقات کریں گے۔

ایف آئی اے کا تحقیقات کو تیزی سے آگے بڑھانے اور مانیٹرنگ کے تمام اہم زونز کو آن بورڈ رکھنے کا فیصلہ ڈائریکٹر ٹرینگ ایف آئی اے اطہر وحید کی سربراہی میں پانچ رکنی اسپیشل مانیٹرنگ ٹیم تشکیل بھی دے دی خصوصی مانیٹرنگ ٹیم ایف آئی اے کی زونل انکوائری ٹیموں کے مابین رابطے و رہنمائی کے فرائض سرانجام دینے کی پابند ہوگی۔ ایف آئی اے گزشتہ روز پی ٹی آئی سیکرٹریٹ کے ملازمین کے بیان قلمبند کر چکی ہے۔

دوسری جانب سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے ایف آئی اے کا نوٹس موصول ہونے سے انکار کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے قانونی طریقے سے فنڈنگ کی۔ انہوں نے کہا کہ 'الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) مسلم لیگ ن کا ذیلی ادارہ بن چکا ہے۔ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے ادارے کی ساکھ کو نقصان پہنچایا، پی ٹی آئی نے 40 ہزار اکاؤنٹس کا ریکارڈ ای سی پی میں جمع کرایا تھا۔'