Friday, April 26, 2024

ممنوعہ فارن فنڈنگ کیس، ایف آئی اے کا عمران خان کو خط، بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات طلب

ممنوعہ فارن فنڈنگ کیس، ایف آئی اے کا عمران خان کو خط، بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات طلب
August 13, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - ممنوعہ فارن فنڈنگ کیس میں ایف آئی اے نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو خط لکھ دیا۔

ایف آئی اے اسلام آباد زون کے ڈپٹی ڈائریکٹر نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور سیکرٹری جنرل اسد عمر کو خط لکھ دیا، خط میں پارٹی کے قیام سے لے کر اب تک وصول کی گئی ممبر شپ فیس کا ریکارڈ پندرہ روز میں مانگ لیا۔

خط کے متن کے مطابق ان تمام قومی و بین الاقوامی کمپنیوں، کاروباری اداروں اور شخصیات کا ریکارڈ فراہم کریں جنہوں نے پارٹی کی مدد کی، مختلف ممالک کی کمپنیوں اور کاروباری اداروں سے وصول رقم کی الگ الگ تفصیل فراہم کی جائے۔

ایف آئی اے نے خط میں کہا کہ پی ٹی آئی کی 1996 سے لے کر اب تک کی تمام تنظیموں اور ٹرسٹ کا ریکارڈ فراہم کیا جائے، اس کے علاوہ پی ٹی آئی کی رجسٹرڈ اور غیر رجسٹرڈ قومی و بین الاقوامی تنظیموں اور ٹرسٹ کا ریکارڈ بھی فراہم کیا جائے۔

خط میں کہا گیا کہ پی ٹی آئی کے تمام اکاؤنٹس کھولے جانے سے لے کر اب تک کی سالانہ اسٹیٹمنٹ، پارٹی کے تمام عہدیداروں کی فہرست اور شناختی کارڈ نمبرز اوراب تک پارٹی کے مالی امور دیکھنے والے بورڈ کی تفصیلات فراہم کی جائیں۔