Saturday, September 21, 2024

ملتان ٹیسٹ، انگلینڈ کی پوزیشن مضبوط، پاکستانی ٹیم پر شکست کے سائے منڈلانے لگے

ملتان ٹیسٹ، انگلینڈ کی پوزیشن مضبوط، پاکستانی ٹیم پر شکست کے سائے منڈلانے لگے
December 10, 2022 ویب ڈیسک

ملتان (92 نیوز) - ملتان ٹیسٹ میں انگلینڈ کی پوزیشن مضبوط ہوگئی، پاکستانی ٹیم پر شکست کے سائے منڈلانے لگے۔ دوسرے ٹیسٹ کے دوسرے دن انگلینڈ نے دوسری اننگز میں پانچ کھلاڑیوں کے نقصان پر 202 رنز بنا لئے، انگلینڈ کو پاکستان پر 281 رنز کی برتری حاصل ہوگئی۔

انگلینڈ کی جانب سے اوپنر بین ڈکٹ 79 رنز کی اننگز کھیل کر نمایاں ہیں، ہیری بروک 74 رنز جکبہ کپتان بین سٹوکس 16 رنز بناکر کریز پر موجود ہیں۔ اوپنر زیک کرولی 3 اور ول جیک 4 رنز بناکر رخصت ہوئے۔

پاکستان کی جانب سے دوسری اننگز میں بھی لیگ سپنر ابرار احمد نے عمدہ باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3 انگلش بلے بازوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

اس سے قبل پاکستانی ٹیم انگلینڈ کی پہلی اننگز کے 281 رنز کے مقابلے میں 202 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی۔ کپتان بابر اعظم 75 اور سعود شکیل 63 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

انگلینڈ کے اسپنر جیک لیچ نے 4 پاکستانی کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، مارک ووڈ اور جوروٹ نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

واضح رہے کہ مہمان انگلینڈ کی ٹیم کو 3 میچوں پر مشتمل ٹیسٹ سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل ہے۔