Friday, April 26, 2024

ملتان سلطانز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 117 رنز سے شکست دیدی

ملتان سلطانز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 117 رنز سے شکست دیدی
February 18, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) پی ایس ایل سیون میں ملتان سلطانز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 117 رنز سے شکست دے دی۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم 246 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 15.5 اوورز میں 128 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔ عمراکمل 50، جیسن روئے 38 رنز بناکر نمایاں بلے باز رہے۔

ول سمید اور احسن علی ایک ایک رن، افتخار احمد 4، سہیل تنویر 5، نور احمد 8، نسیم شاہ 2، غلام مدثر اور محمد عرفان صفر جبکہ کپتان سرفراز احمد 17 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

ملتان سلطانز کی جانب سے آصف آفریدی، ڈیوڈ ویلی، شاہ نواز دھانی اور خوشدل شاہ نے 2، 2 جبکہ عمران طاہر نے ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل ملتان سلطانز کے بیٹسمینوں نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف دھواں دھار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 245 رنز کا مجموعہ سکور بورڈ پر سجایا۔

کپتان محمد رضوان نے ناقابل شکست رہتے ہوئے 83 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، روسو 71 اور شان مسعود نے 57 رنز کی اننگز کھیلی۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے رضوان ،غلام مدثر اور نسیم شاہ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

ملتان سلطانز نے پی ایس ایل کی تاریخ کا یہ دوسرا بڑا ٹوٹل بنایا، اس سے قبل اسلام آباد یونائیٹڈ نے 247 رنزبنائے تھے۔