Friday, April 26, 2024

ملعون برطانوی مصنف سلمان رشدی پر نیو یارک میں حملہ

ملعون برطانوی مصنف سلمان رشدی پر نیو یارک میں حملہ
August 13, 2022 ویب ڈیسک

نیو یارک (92 نیوز) - ملعون برطانوی مصنف سلمان رشدی پر امریکا کی ریاست نیو یارک میں حملہ ہوا۔

ملعون سلمان رشدی پر امریکا میں حملہ کیا گیا ہے جس سے اس کی حالت تشویش ناک ہے۔ حملے میں سلمان رشدی کی ایک آنکھ ضائع ہو گئی۔ ملعون سلمان رشدی کو وینٹی لیٹر پر منتقل کیا گیا ہے ۔ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق سلمان رشدی بول نہیں سکتا۔ حملے میں چاقو کے وار سے جگر کو بھی شدید نقصان پہنچا۔

کئی دہائیوں سے رو پوش ملعون سلمان رشدی امریکہ میں ایک تقریب میں موجود تھا کہ حملہ آور نے اس پر حملہ کر دیا۔ حملہ آور نے سلمان رشدی کی گردن اور پیٹ پر چاقو کے دس سے پندرہ وار کیے۔

ملعون سلمان رشدی  کی عمر اس وقت 75 سال ہو چکی ہے ۔ حکام کے مطابق سلمان رشدی کے انٹرویو کے لئے تقریب میں موجود شخص بھی معمولی زخمی ہوا  ۔ موقع پر موجود سکیورٹی اہلکاروں نے حملہ آور کو حراست میں لے لیا۔ پولیس کے مطابق حملہ آور  ہادی ماتر کی عمر 24 سال  ہے اور اس کا  تعلق امریکی ریاست نیوجرسی سے ہے۔

سنہ 1988 میں ملعون سلمان رشدی کی کتاب میں دین  اسلام پر تنقید کی گئی تھی اور اِسی وجہ سے اِس کے سر پر لاکھوں کا انعام مقرر کیا گیا تھا۔ اُس وقت ایران کے مذہبی رہنما آیت اللہ خمینی  نے سلمان رشدی کے قتل کا فتویٰ جاری کیا تھا۔