لندن (92 نیوز) - ملکی سیاسی صورتحال پر ن لیگ نے فرنٹ فٹ پر کھیلنے کا فیصلہ کر لیا۔
لندن میں نواز شریف کی زیر صدارت مسلم لیگ ن کا ایک اور مشاورتی اجلاس ہوا۔ وزیراعظم شہباز شریف ، وفاقی وزرا رانا ثنا اللہ ، خواجہ سعد، خواجہ آصف، سردار ایاز صادق اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی ، اسحاق ڈار سمیت دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔
اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف بولے ملکی معیشت کے حوالے سے ن لیگ اہم فیصلے لے چکی، اتحادیوں کو اعتماد میں لے کر اعلان کیا جائے گا۔ خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن جلد فرنٹ فٹ پر کھیلتی نظر آئے گی ۔ ملک میں افراتفری کی اجازت نہیں دیں گے۔ سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے بھی نپی تلی گفتگو کی اور کسی سوال کا واضح جواب نہیں دیا۔
مسلم لیگ ن کے طویل اجلاس میں ملکی سیاسی صورتحال اور مہنگائی سمیت دیگر ایشوز پر بات چیت ہوئی۔