Friday, March 29, 2024

ملکی سیاسی حالات اورکشمکش کو او آئی سی کانفرنس پر اثر انداز نہیں ہونے دینگے، متحدہ اپوزیشن

ملکی سیاسی حالات اورکشمکش کو او آئی سی کانفرنس پر اثر انداز نہیں ہونے دینگے، متحدہ اپوزیشن
March 19, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - متحدہ اپوزیشن کا کہنا ہے کہ ملکی سیاسی حالات اورکشمکش کو او آئی سی کا نفرنس پر اثر انداز نہیں ہونے دیں گے۔

متحدہ اپوزیشن نے مشترکہ اعلامیہ جاری کردیا، اسلامی تعاون تنظیم کے اجلاس کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ معزز مہمانوں کی آمد ہمارے لئے باعث مسرت و افتخار ہے، معزز مہمانوں کو پورے پاکستان کی جانب سے خوش آمدید کہتے ہیں۔

اعلامیہ میں کہا گیا کہ معزز مہمانوں کی آمد کی تحسین کرتے ہیں کہ وہ افغانستان، جموں و کشمیر، فلسطین سمیت اسلامی دنیا کو درپیش کثیر الجہتی درپیش اہم مسائل پر غور کے لئے 22 اور 23 مارچ 2022 کو اسلام آباد شریف لارہے ہیں۔ ہم ان کی پذیرائی اور استقبال کے لئے چشم براہ ہیں۔

او آئی سی کے معزز مہمانوں کے خیر مقدم اور تکریم کے لئے ہی متحدہ اپوزیشن نے لانگ مارچ کی تاریخوں میں تبدیلی کی اور اپنے کارکنان کو 25 مارچ سے پیشتر اسلام آباد نہ آنے کی ہدایت کی۔

ہم امید کرتے ہیں کہ معزز مہمانان گرامی کا اسلام آباد میں قیام خوشگوار رہے گا اور وہ اچھی یادیں لے کر وطن واپس تشریف لے جائیں گے۔