Sunday, September 8, 2024

ملکی معاشی پالیسیوں کا تسلسل قائم، مزید بہتری لائیں گے، انوار الحق کاکڑ

ملکی معاشی پالیسیوں کا تسلسل قائم، مزید بہتری لائیں گے، انوار الحق کاکڑ
August 15, 2023 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کہتے ہیں کہ ملکی معاشی پالیسیوں کا تسلسل قائم ر کھیں گے، مزید بہتری لائیں گے۔

نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت مختلف وزارتوں اور ڈویژنوں کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا، اعلیٰ سرکاری افسران بشمول گورنر اسٹیٹ بینک، سیکرٹری خزانہ، سیکرٹری پاور اور چیئرمین ایف بی آر نے شرکت کی۔ اجلاس کو ملکی معیشت میں استحکام اور مزید بہتری کیلئے اقدامات پر تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا جبکہ پاور سیکٹر میں جاری اصلاحات پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے نگران وزیرِ اعظم نے کہا کہ ان کی حکومت اپنی محدود توانائیاں معاشی اصلاحات پر صرف کرے گی، حکومت کا کام لوگوں کی زندگیوں میں آسانی پیدا کرنا ہے، عوامی فلاحی منصوبے بلاتعطل جاری رہیں گے۔

انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ بیرونی سرمایہ کاری کیلئے اقدامات حکومت کی ترجیحات میں شامل ہیں۔ صحت اور تعلیم کے شعبے میں سہولیات یقینی بنانے اور بلوچستان کی دوسرے صوبوں سے رابطہ سڑکوں کو بہتر بنانے کی بھی ہدایت کردی۔

نگران وزیرِ اعظم نے مزید کہا کہ پاور سیکٹر میں جاری اصلاحات پر عملدرآمد مزید تیز، ٹیکس محصولات میں اضافے کیلئے اقدامات پر سختی سے عمل کیا جائے۔ صحت اور تعلیم کے شعبے میں بین الاقوامی معیار کی سہولیات یقینی بنائی جائیں۔ نگران حکومت معیشت کی بہتری کیلئے ڈی ریگولیشن اور ذمہ دار خود مختاری پر توجہ مرکوز کرے گی۔

نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ نے ہر شعبے میں جاری اصلاحات پر مفصل رپورٹ پیش کرنے کی بھی ہدایت کردی۔