Saturday, July 27, 2024

ملکی معاشی بدحالی انتہا پر، آج انتقام اور دشمنی کی سیاست ہورہی ہے، شاہد خاقان

ملکی معاشی بدحالی انتہا پر، آج انتقام اور دشمنی کی سیاست ہورہی ہے، شاہد خاقان
January 22, 2023 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - رہنماء نون لیگ شاہدخاقان عباسی کا کہنا ہے ملک کی معاشی بدحالی انتہا پر پہنچ چکی، آج انتقام اور دشمنی کی سیاست ہورہی ہے۔

اتوار کو کوئٹہ میں مفتاح اسماعیل کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا کہ عوام کے مسائل ایک طرف رہ گئے، آئین کو تسلیم نہ کیا تو مسائل حل نہیں ہوں گے۔

سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کہتے ہیں کہ منتخب اور غیر منتخب لوگ 75 سال کی ناکامی کے ذمہ دار ہیں۔ آئین کو تسلیم کیے بغیر مسائل حل نہیں ہوں گے۔

لیگی رہنماء کا مزید کہنا تھا کہ آج سیاست ایک دوسرے کو گالی دینے کا نام ہے، دس بیس سال کی خرابی 8 ماہ میں ٹھیک نہیں ہوسکتی۔ مشکل فیصلے کرکے ملک میں استحکام پیدا کرنا ہوگا۔

ادھر سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل بولے چار ماہ میں فیصلے نہ کرنے سے معیشت کو نقصان ہوا، صحت اور تعلیم کا پیسہ قرضوں میں جارہا ہے، وقت آگیا ہے کہ لوگوں کو حقوق دیئے جائیں۔

دوسری جانب لشکری رئیسانی نے کہا گوادر میں بنیادی ضروریات کیلئے احتجاج ہورہا ہے، ڈائیلاگ کے ذریعے مسائل حل کرنا ہوں گے۔