Friday, March 29, 2024

ملکہ کوہسار مری میں موسلادھار بارش ، نالوں میں شدید طغیانی، متعدد مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ

ملکہ کوہسار مری میں موسلادھار بارش ، نالوں میں شدید طغیانی، متعدد مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ
August 1, 2022 ویب ڈیسک

مری (92 نیوز) - ملکہ کوہسار مری میں موسلادھار بارش سے ندی نالوں میں شدید طغیانی آگئی، متعدد مقامات پر لینڈ سلائیڈگ، درخت اکھڑ گئے۔ مری اسلام ایکسپریس وے پر کئی مقامات پر بھاری پتھر سڑک پر گرنے سے ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی۔

ملکہ کوہسار مری میں گرجتے برستے بادلوں سے نشیبی علاقوں کے ندی نالوں میں شدید طغیانی آ گئی۔ سیلابی ریلے نے جی پی او چوک میں ٹف ٹائلز اکھڑ دیں۔ متعدد مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ کے باعث پانی سڑکوں سے گزرنے لگا۔ باڑیاں ایوبیہ روڈ پر دریا گلی کے مقام سے لینڈسلائیڈنگ کے باعث ٹریفک کی روانی بری طرح متاثر ہوئی۔

مری اسلام ایکسپریس وے پر بھی مختلف مقامات پر بڑے پتھر گرنے سے ٹریفک میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ تیز بارش اور طوفان سے درخت گر گئے جس سے مری مظفر آباد روڈ سمیت کئی رابطہ سڑکیں ٹریفک کے لئے بند ہوگئیں۔ جسے بعدازاں انتظامیہ نے درخت کو کاٹ کر سڑک سے ہٹا دیا اورعلیوٹ کے مقام پر راولپنڈی مری کشمیر روڈ کو ٹریفک کے لئے کھول دیا گیا ہے۔

مری انتظامیہ کی جانب سے سیاحوں کو موسلادار بارشوں کے باعث غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت کی ہے۔