Monday, May 6, 2024

ملکہ کوہسار کی سیر پر آنیوالے 3 دوست کمرے میں گیس بھرنے سے دم توڑ گئے

ملکہ کوہسار کی سیر پر آنیوالے 3 دوست کمرے میں گیس بھرنے سے دم توڑ گئے
December 3, 2022 ویب ڈیسک

مری (92 نیوز) - مری میں افسوسناک واقعہ پیش آگیا، ملکہ کوہسار کی سیر پر آنے والے تین دوست کمرے میں گیس بھرنے سے جان کی بازی ہار گئے، ایک کو اسپتال منتقل کردیا گیا۔

ملکہ کوہسار کی سیر کو جانے والے چار دوستوں کے ساتھ افسوس ناک واقعہ میں کمرے میں گیس بھر جانے کے باعث تین دوست موت کی آغوش میں چلے گئے، ایک بے ہوش ہوگیا۔

پولیس کے مطابق سیر کی غرض سے مری آنے والے چار دوستوں نے مری ایکسپریس وے پر ڈنہ کے مقام پر ہوٹل میں کمرہ کرائے پر لیا تھا،،ہوٹل ملازمین نے صبح چیک کیا تو تین دوست مردہ حالت میں پائے گئے،،جب کہ ایک بے ہوشی کی حالت میں ملا،،جس کو ابتدائی طبی امداد کے بعد اسپتال منتقل کیا گیا۔

فرانزک ٹیم نے بھی جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرلیے ہیں، جب کہ پولیس کے مطابق کمرے سے گیس سلنڈر بھی ملا ہے۔