Saturday, May 4, 2024

ملکہ برطانیہ کی وفات پر پاکستان میں یوم سوگ

ملکہ برطانیہ کی وفات پر پاکستان میں یوم سوگ
September 12, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) – ملکہ برطانیہ الزبتھ دوم کی وفات پر پاکستان میں آج یوم سوگ منایا جا رہا ہے۔ ملک بھر میں سبز ہلالی پرچم سرنگوں ہے۔

وزارت خارجہ نے وزیراعظم شہباز شریف کو ملکہ برطانیہ کی وفات پر سرکاری سطح پر یوم سوگ منانے کی تجویز دی تھی جسے وزیراعظم نے قبول کرتے کابینہ ڈویژن کو متعلقہ انتظامات کرنے کی ہدایت دی تھی۔ کابینہ ڈویژن نے کل یوم سوگ منانے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کیا تھا۔

ملکہ برطانیہ الزبتھ دوم 8 ستمبر کو 96 برس کی عمر میں دنیا سے رخصت ہوگئیں، برطانوی حکومت کی جانب سے ملک میں دس روزہ سوگ کا اعلان کیا گیا۔

برطانیہ میں آنجہانی ملکہ کا تابوت مذہبی رسومات کیلئے ایڈنبرا کے پیلس آف ہولیروڈ ہاؤس منتقل کردیا گیا۔ عوام کی بڑی تعداد بدستور شاہی رہائش گاہوں کے باہر پھول رکھ رہی ہے۔

ملکہ الزبتھ دوم کی آخری رسومات 19 ستمبر کو ادا کی جائیں گی۔ ملکہ کو ونڈسر کیسل میں شاہ جارج ششم میموریل چیپل میں سپرد خاک کیا جائے گا۔

ملکہ ایلزبتھ دوم کا مکمل نام ایلزبتھ الیگزینڈرا میری تھا، وہ 21 اپریل 1926ء کو لندن میں پیدا ہوئیں۔ 1947 میں ان کی شادی شہزادے فلپ کے ساتھ ہوئی، جن سے 4 بچے ہیں۔ جب ان کے والد بادشاہ جارج ششم کا 1952ء میں انتقال ہوا، تو وہ دولتِ مشترکہ کی صدر اور برطانیہ، کناڈا، آسٹریلیا، نیو زیلینڈ، جنوبی افریقہ، پاکستان اور سری لنکا کی حکمران بن گئیں۔

ملکہ برطانیہ کی تاجپوشی سال 1953ء میں ہوئی اور یہ اپنی طرح کی پہلی ایسی تاج پوشی تھی جو ٹیلی ویژن پر نشر ہوئی۔ 9 ستمبر 2015ء کو انھوں نے ملِکہ وِکٹوریا کے سب سے لمبے دورِ حکومت کے ریِکارڈ کو توڑ دیا اور برطانیہ پر سب سے زیادہ وقت تک حکومت کرنے والی ملِکہ بن گئیں۔