Friday, April 26, 2024

ملکی معیشت اصل مسئلہ، عمران دورِحکومت کی خرابیاں دور کرنے کیلئے کوشاں ہیں، شاہد خاقان

ملکی معیشت اصل مسئلہ، عمران دورِحکومت کی خرابیاں دور کرنے کیلئے کوشاں ہیں، شاہد خاقان
May 16, 2022 ویب ڈیسک

کراچی (92 نیوز) - لیگی رہنماء شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے معیشت ملک کا اصل مسئلہ بن چکی، عمران خان حکومت کی خرابیوں کو دور کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔

سوموار کو احتساب عدالت کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ توقع سے زیادہ حالات خراب ہیں، مشکل فیصلوں میں سب کو اپنا حصہ ڈالنا پڑے گا۔ مزید بولے غلطیاں کسی اور نے کیں، اب جو بھی فیصلے ہوں گے انکی بڑی سیاسی قیمت ادا کرنا پڑے گی۔ سیاسی مفادات کو پیچھے ڈال کر معیشت پر توجہ دینا پڑے گی۔

لیگی رہنماء بولے کہ ملک میں احتساب کی حقیقت عوام کے سامنے آگئی ہے، حکومت کی ذمہ داری ہے نیب کو ختم کرے گی۔ نیب کے ہوتے ہوئے ملک نہیں چل سکتا۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ہم نے مشاورت کی کہ کیسے حالات بہتر کئے جا سکتے ہیں، پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں نہیں بڑھائی گئیں، عوام کو ریلیف دینے کی بڑی قیمت حکومت کو ادا کرنا پڑرہی ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ کوشش ہے کہ آئی ایم ایف کے ساتھ طے شدہ معاملات چلتے رہیں اور عوام پر کم سے کم بوجھ آئے۔ سیاست میں غیر آئینی مداخلت کے خاتمے سے ہی مسائل کا حل شروع ہوگا۔

معیشت کی بحالی مشکل سفر ہے، خرابیاں اتنی بڑی ہیں کہ شہباز شریف محنت سے کام کررہے ہیں۔ آج سب کو پاکستان کو اولین ترجیح دینی پڑے گی۔