لاہور (92 نیوز) - وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے ملک تاریخ کے بدترین مالیاتی خسارے کا شکار ہے۔
سی پی این ای کے عہدیداروں سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تیل کی قیمتیں منجمد کرکے عمران خان نے اگلی حکومت کیلئے بارودی سرنگ بچھائی۔ عوام کو ریلیف دینا چاہتے ہیں مگر دنیا میں تیل کی بڑھتی قیمتیں ہمارے پاؤں کی زنجیر ہیں۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ ہم مضبوط ہوں گے تو ہمیں کوئی ڈکٹیٹ نہیں کرسکتا۔
اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف نے اتوار کو لاہور میں سٹیٹ آف دی آرٹ سلیم میموریل ٹرسٹ ہسپتال کا افتتاح کیا۔
وزیراعظم کو اسپتال کی انتظامیہ کی طرف سے اسپتال میں دستیاب سہولیات کے بارے میں بریفنگ دی گئی جن میں کینسر، امراض قلب اور ڈائیلاسز اور سی ٹی سکین کے علاج کی سہولیات شامل ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اسپتال کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا، سلیم میموریل ٹرسٹ اسپتال غریبوں اور ناداروں کو علاج معالجے کی عالمی معیار کی سہولیات فراہم کرے گا۔
لاہور میں سلیم میموریل ٹرسٹ ہسپتال کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے لاہور میں نجی شعبے میں جدید سہولیات سے آراستہ عالمی معیار کا ہسپتال قائم کرنے پر مخیر حضرات کی تعریف کی ہے جو غریب اور مستحق افراد کا مفت علاج بھی کرے گا۔
وزیراعظم نے اس نیک مقصد میں حصہ لینے والوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اللہ کی رحمتوں سے نوازا جائے گا اور مستقبل میں اس ہسپتال سے لاکھوں مریض مستفید ہوں گے۔
محمد شہباز شریف نے کہا کہ مریضوں کو اعلیٰ معیاری صحت کی دیکھ بھال کی فراہمی میں نجی شعبے کی فعال شرکت نیک شگون ہے۔