Friday, March 29, 2024

ملک میں سیلابی صورتحال اور ایک شخص کا اقتدار کا نشہ اسکو پاگل کر رہا ہے، زرداری

ملک میں سیلابی صورتحال اور ایک شخص کا اقتدار کا نشہ اسکو پاگل کر رہا ہے، زرداری
August 23, 2022 ویب ڈیسک

کراچی (92 نیوز) - سابق صدر آصف علی زرداری کہتے ہیں ملک بھر میں سیلاب نے تباہی مچائی ہوئی ہے، ایسے میں بھی ایک شخص کا اقتدار کا نشہ اسے پاگل کررہا ہے، اداروں اور حکومت کو اپنی رٹ قائم کرنا پڑے گی، ورنہ قانون، آئین اور ادارے اس شخص کی ہوس کا نشانہ بنتے رہیں گے۔

سابق صدرآصف زرداری نے سندھ کے وزرا سے ملاقات کی، کہا کہ ملک کے چاروں صوبوں میں اس وقت بارشوں کی وجہ سے ہنگامی صورتحال کا سامنا ہے۔ ہم سب کو اس وقت سیاست چھوڑ کر صرف اپنے متاثرین بہن بھائیوں کی طرف توجہ دینی چاہئیے، چارصوبوں میں متاثرین کی نگاہیں ہماری طرف ہیں لیکن اس وقت بھی ایک شخص کا دن با دن اقتدار کا نشہ اس کو پاگل کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ شخص ہر روز ہماری فوج پر تنقید کر رہا ہے، اسی فوج کے آفیسرز اور سپاہی دو صوبوں میں دہشت گردوں سے جنگ لڑ رہے ہیں اور اپنی جان کا نذرانہ پیش کررہے ہیں۔ فوج، پولیس اور اس کے بعد عدلیہ کی ایک خاتون مجسٹریٹ کو یہ شخص دھمکیاں دیتا ہے اور ساتھ کہتا ہے کہ مجھے گرفتار کرکے دکھاؤ۔

آصف زرداری نے کہا کہ عدلیہ کو دیکھنا ہوگا کہ کیا یہ شخص قانون سے بالاتر ہے۔ سابق صدر نے یہ بھی کہا کہ کیا یہ شخص نواز شریف، میری بہن اور مریم بیٹی کے خلاف ماروائے قانون انتقامی کاروائیاں کرسکتا ہے اور خود ہر قانون کو روند سکتا ہے۔

آصف زرداری نے کہا کہ اداروں اور حکومت کو اپنی رٹ قائم کرنی پڑے گی ورنہ قانون، آئین اور ادارے اسی طرح اس شخص کی ہوس چڑھتے رہیں گے۔