Friday, March 29, 2024

ملک میں شدید گرمی کے ساتھ بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ، شہری بےحال

ملک میں شدید گرمی کے ساتھ بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ، شہری بےحال
May 19, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - ملک میں شدید گرمی کے ساتھ بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ، شہری بےحال ہوگئے، رات بھی جاگ کر گزاری۔

گرمی بڑھتے ہی لاہور سمیت مختلف شہروں میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ شہر میں اس وقت 5 سے 6 گھنٹے جبکہ دیہی علاقوں میں 8 سے 10 گھنٹے کیلئے لوڈشیڈنگ ہو رہی ہے۔

لاہور کے علاقے جوہر ٹاون، شفیق آباد، راوی روڈ، ٹمبر مارکیٹ، کریم پارک، چائینہ اسکیم ،امین پارک، بیگم کوٹ، شاہدرہ، شاہ عالم مارکیٹ سمیت مختلف علاقوں میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔

لاہور کے گردونواح میں بیشتر علاقوں میں ہر گھنٹے بعد ایک گھنٹے کیلئے بجلی بند رہنا معمول بن گیا ہے۔ بجلی کی بندش سے جہاں گھروں میں مشکلات کا سامنا ہے وہیں کارباری طبقہ بھی شدید متاثر ہے۔

ادھر لیسکو کی بجلی کی طلب 5100 میگاواٹ سے تجاوز کر گئی جبکہ لیسکو کو اس وقت 1350 میگاواٹ شارٹ فال کا سامنا ہے۔

درجہ حرارت میں اضافے کے ساتھ ہی شارٹ فال بھی بڑھنے لگا، پاور ڈویژن کے مطابق بجلی کا شارٹ فال 5 ہزار 53 میگاواٹ پر پہنچ گیا۔ بجلی کی طلب 26 ہزار 500 میگاواٹ جبکہ پیدوار 21 ہزار 447 میگا واٹ ہے۔

ذرائع پاور ڈویژن کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں بجلی پیدا کرنے کی مجموعی صلاحیت 36 ہزار 39 میگاواٹ ہے۔ سرکاری تھرمل پاور پلانٹس ایک ہزار 104 میگاواٹ بجلی پیدا کررہے ہیں۔ نجی شعبے کے بجلی گھروں کی پیداوار 11 ہزار 695 میگاواٹ ہے۔ جوہری ایندھن سے 2 ہزار 251 میگاواٹ بجلی حاصل کی جارہی ہے۔ ملک کے مختلف علاقوں میں 12 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔

ترجمان آئیسکو کا کہنا ہے کہ آئیسکو ریجن میں بجلی کی موجودہ طلب 2147 میگاواٹ ہے۔ پیداوار میں آنے والے عارضی بحران کے باعث بجلی کے فراہم کردہ کوٹے میں 400 میگا واٹ کا فرق ہے۔ اسلام آباد راولپنڈی جہلم چکوال اٹک کے مختلف علاقوں میں باوقت ضرورت لوڈ مینجمنٹ کی جا رہی ہے۔