ملک میں صدارتی نظام رائج ہونے کا کوئی راستہ نہیں، سعید غنی

کراچی (92 نیوز) وزیراطلاعات سندھ سعید غنی کا کہنا ہے کہ اس ملک میں صدارتی نظام رائج ہونے کا کوئی راستہ نہیں ہے۔
ہفتہ کے روز نیوز کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ صدارتی نظام ایک شوشہ ہے جو اپنی موت آپ مرجائے گا۔ کہا کہ سندھ میں بلدیاتی قانون کو جواز بنا کر تماشا لگایا جارہا ہے۔
صوبائی وزیر بولے کہ حکومت ویسے تو نااہل ہے لیکن لوگوں کی توجہ بدلنے میں ماہر ہے۔ آئے روز حکومت بے پر کی چھوڑ دیتی ہے اور ہر کوئی پیچھے لگ جاتا ہے۔
سعید غنی نے کہا کہ موجودہ حکومت کی کرپشن اور نااہلی کی وجہ سے مہنگائی ہے، وفاق میں بیٹھے 300 ترجمان کہتے ہیں ملک میں مہنگائی نہیں۔
وزیراطلاعات سندھ نے مزید کہا کہ کسان حکومت کی نااہلی کے خلاف احتجاج کررہے ہیں۔ کراچی میں بھی کسان حکومت کی نااہلی کے خلاف احتجاج کریں گے۔