اسلام آباد (92 نیوز) - ملک میں مہنگائی کا طوفان، ہر شے مہنگی ہوگئی، رواں ہفتے پارہ ریکارڈ 9 اعشاریہ 95 فیصد تک بڑھ گیا، مجموعی شرح اکتیس سے بڑھ کر اکتالیس فیصد سے بھی تجاوز کر گئی۔ ایک ہفتے میں پچیس اشیاء مہنگی تیرہ میں کمی ہوئی ہے۔
ملک میں مہنگائی کا بھپرتا طوفان مزید بڑھنے لگا، رواں ہفتے مہنگائی کی شرح میں 9 اعشاریہ 95 فیصد کا ریکارڈ اضافہ ہوا، مہنگائی کی مجموعی شرح ایک بار پھر 40 فیصد کی سطح کراس گئی۔ قدرتی گیس کی قیمتوں میں 480 فیصد تک بڑا اضافہ ہوا۔
رواں ہفتے ملک میں مہنگائی کا مجموعی پارہ 41 اعشاریہ 90 فیصد ریکارڈ کیا گیا، ادارہ شماریات نے ملک میں ہفتہ وار مہنگائی سے متعلق رپورٹ جاری کر دی۔
رپورٹ کے مطابق رواں ہفتے 25 اشیاء ضروریہ مہنگی، 13 میں کمی اور 13 میں استحکام رہا، رپورٹ کے مطابق رواں ہفتے گیس چارجز کی قیمت 295 ایم بی بی ٹو یو سے بڑھ کر 1711 ایم ایم بی ٹی یو ہو گئی۔ ایک ہفتے کے دوران 190 گرام چائے کی قیمت میں 49 روپے 94 پیسے، دال مسور فی کلو 16 روپے 36 پیسے، چکن کی فی کلو قیمت میں 14 روپے کا اضافہ ہوا۔ رپورٹ کے مطابق رواں ہفتے آٹے کا 20 کا تھیلا 72 روپے 55 پیسے مہنگا ہوا جبکہ دال مونگ بیف، انڈے، کیلے مصالحہ جات کی قیمتیں بھی بڑھ گئیں۔
رپورٹ کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات، چینی، بجلی سمیت 13 اشیاء سستی بھی ہوئیں۔ ایک ہفتے کے دوران چینی کی فی کلو قیمت 6 روپے 8 پیسے تک کمی ہوئی ہے، رواں ہفتے آلو، چاول، دہی اور دیگر اشیاء کے دام بھی کم ہوئے۔