Saturday, May 18, 2024

ملک میں کورونا کا پھیلاؤ پھر تیز، ایک دن میں دو ہزار سے زائد کیس رپورٹ

ملک میں کورونا کا پھیلاؤ پھر تیز، ایک دن میں دو ہزار سے زائد کیس رپورٹ
January 12, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) ملک میں کورونا کا پھیلاؤ ایک بار پھر تیز ہو گیا۔ تین ماہ بعد ایک دن میں دو ہزار سے زائد کیس رپورٹ ہوئے۔

چوبیس گھنٹوں میں دو ہزار چہتر افراد میں کورونا کی تصدیق ہوئی۔ مثبت کیسز کی شرح 4.70 فیصد تک ریکارڈ کی گئی۔ وائرس سے مزید 13 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 628 مریضوں کی حالت تشویشناک۔ کیسز بڑھنے کے باوجود حکومت نے لاک ڈاؤن نہ لگانے کا فیصلہ کیا۔

 ادھر محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر پنجاب نے کورونا وائرس کے گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے اعدادوشمارجاری کر دیئے جس کے مطابق کورونا کیسز میں مزید کمی لانے کیلئے مختلف سیکٹرز کے لئے اسپیشل ایس او پیز جاری کر دیئے گئے ہیں۔ سیکرٹری محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر عمران سکندر بلوچ کا کہنا ہے تمام شہری خاص طور پر کورونا کی مکمل احتیاط کو یقینی بنائیں۔ ہم صرف ویکسی نیشن اور احتیاط کے ذریعے ہی کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روک سکتے ہیں۔ 12 سال سے زائد عمر کے تمام افراد کو ویکسین لگانے کی پوری کوشش کر رہے ہیں۔

عمران سکندر بلوچ نے کہا گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبہ بھر سے کورونا کے 445 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔ صوبہ بھر میں کورونا کے کیسز کی کل تعداد 449,025 ہو گئی ہے۔ اب تک صوبہ بھر میں 429,793 مریض سرکاری ہسپتالوں سےعلاج کے بعد مکمل صحت یاب ہو کر اپنے گھروں کو واپس جا چکے ہیں۔ راولپنڈی اور سرگودھا سے 1 ایک ہلاکت رپورٹ ہوئی ہے۔ سیالکوٹ، بہاولپور اور شیخوپورہ سے 3 تین کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ ملتان میں مثبت کیسز کی شرح 0.2 فیصد ، فیصل آباد سے 0.8 فیصد جبکہ گوجرانولہ سے 0.3 فیصد ریکارڈ کی گئی۔

ادھر کراچی میں کورونا کا گراف بلند ہو گیا اور خطرے کی گھنٹی بج گئی۔ شہر میں ایک روز میں بارہ سو سے زائد مریض رپورٹ ہوئے۔ کراچی میں 95 فیصد اومیکرون سے متاثرہ نکلے۔ ضلع شرقی میں 440 اور ضلع جنوبی میں 363 کیسز کی تشخیص ہوئی۔ شہر میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح بیس فیصد تک پہنچ گئی۔

وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے کورونا کی صورتحال انتہائی تشویشناک ہونے کا خدشہ ظاہر کر دیا اور ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت کر دی۔