Friday, March 29, 2024

حکومت کے پاس ٹیکس نہ دینے والوں کا ڈیٹا آرہا ہے، ان کے پاس ایف بی آر پہنچے گا، وزیراعظم

حکومت کے پاس ٹیکس نہ دینے والوں کا ڈیٹا آرہا ہے، ان کے پاس ایف بی آر پہنچے گا، وزیراعظم
February 15, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان حکومت کے پاس ٹیکس نہ دینے والوں کا ڈیٹا آرہا ہے، ان کے پاس ایف بی آر پہنچے گا۔

وزیراعظم نے ملک کے پہلے ڈیجیٹل پیمنٹ سسٹم راست کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عام آدمی بینکوں میں جانے سے ڈرتا تھا، بینک والے سوٹ، بوٹ اور انگریزی بولنے والوں کو قرض دیتے ہیں۔ راست کے استعمال سے لوگ بینکنگ سسٹم میں آئیں گے۔ آگے بڑھنے کے لیے ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھانا ہوگا، ایف بی آر میں بھی ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے گا۔

اُنہوں نے کہا کہ ملک کے 22کروڑ عوام ایک بہت بڑی طاقت ہے، سب سے بڑی کامیابی عوام کو اوپر لانا ہے، خیبرپختونخوا میں ہماری پہلی حکومت میں بیروزگاری اور غربت کم ہوئی۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سب سے زیادہ نقصان کےپی میں ہوا۔

عمران خان بولے کہ ورلڈ بینک کی رپورٹ کے مطابق ملک میں غربت میں کمی آئی، دنیا میں آگے بڑھنے کیلئے ہمیں ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھانا ہوگا، ملک میں ٹیکس دینے والوں کی تعداد بہت کم ہے۔ اچھا گھر، گاڑی اور لائف اسٹائل رکھنے والے بھی ٹیکس نہیں دیتے، حکومت کے پاس ٹیکس نہ دینے والوں کا ڈیٹا بڑی تیزی سے آرہا ہے، ٹیکس نہ دینے والوں کے پاس ایف بی آر پہنچنے والا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کورونا کے دوران ترقی یافتہ ممالک میں بھی غربت بڑھی، اوورسیز پاکستانی ملک کا سب سے بڑا اثاثہ ہے، ایف بی آر میں بھی ٹیکنالوجی کا استعمال کررہے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا حکومت کی کوشش ہے نچلے طبقے کی براہ راست امداد کریں، اگلے مرحلے میں احساس راشن پروگرام کو راست سے منسلک کریں گے۔