Saturday, May 18, 2024

ملک میں ہر بحران کے موجد عمران خان ہیں، خواجہ آصف

ملک میں ہر بحران کے موجد عمران خان ہیں، خواجہ آصف
January 12, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) لیگی رہنما خواجہ آصف کا کہنا ہے ملک میں ہر بحران کے موجد عمران خان ہیں۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا قومی اسمبلی میں کورم پورا نہ ہونا بیماری ہے۔ اپوزیشن کا کورم پورا ہوتا ہے۔ ہم ایوان کے تقدس کا خیال رکھتے ہیں۔ 22کروڑ عوام کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ ایوان میں کوئی وفاقی وزیر موجود نہیں۔ حکومت فاٹا کا بل بھی سینیٹ سے منظور نہیں ہونے دے رہی۔ آئین کی بالا دستی کی ہم نے قسم کھائی ہوئی ہے۔ ٹیکس بڑھانا علاج نہیں، کرپشن روکی جائے۔ جب بل پاس کرانے کیلئے بڑے بھائی کو بلانے کی ضرورت پڑ جائے تو ہاتھ جوڑ کر گھر چلے جانا چاہئے۔

لیگی رہنما خواجہ آصف بولے اختر مینگل جو کہتے ہیں مشرقی پاکستان کے لوگ بھی وہی کہتے تھے۔ ریکوڈک سمیت دیگر اثاثے ہمارے بلوچی بھائیوں کا حق ہیں۔ میں سیالکوٹ میں گیس استعمال کر رہا ہوں لیکن سبی والوں کے پاس گیس نہیں۔ ملک کے وسائل پر پورے ملک کا حق ہے۔ 22کروڑ عوام کو ایک پیمانے پر تولنے تک دراڑیں بڑھتی رہیں گی۔ فاٹا والوں کو بھی باقی پاکستانیوں جتنے حقوق ملنے چاہئیں۔

 خواجہ آصف بولے یہ منی بجٹ نہیں میگا بجٹ ہے۔ سارے ٹیکسز کا بوجھ عام پاکستانی پر ڈالا جائیگا۔ سرمایہ دار اپنی شادیوں پر 2 ارب روپے خرچ کرتے ہیں۔ ایسے لوگ بھی ہیں جو دو وقت کی روٹی نہیں کھا سکتے۔