Saturday, July 27, 2024

ملک میں ڈینگی مچھر کے وار تیز، ایک روز میں مزید 3 اموات رپورٹ

ملک میں ڈینگی مچھر کے وار تیز، ایک روز میں مزید 3 اموات رپورٹ
September 25, 2022 ویب ڈیسک

کراچی/ لاہور (92 نیوز) - ملک میں ڈینگی مچھر کے وار تیزی سے بڑھنے لگے، ایک روز میں مزید 3 اموات رپورٹ ہوئیں۔

کراچی میں ڈینگی مچھر خوف کی علامت بنتا جارہا ہے، روزانہ سیکڑوں بیمار ہورہے ہیں، چوبیس گھنٹوں میں مزید دو افراد جان کی بازی ہارگئے۔ سرکاری اعداد وشمار کے مطابق رواں برس میں ڈینگی سے مرنے والوں کی تعداد 33 ہوگئی ہے جبکہ اب تک سات ہزار سے زائد کیسز سامنے آچکے ہیں۔

شہر کے سرکاری اور نجی اسپتالوں پر مریضوں کا دباؤ بڑھ گیا ہے، ڈینگی مچھروں کی افزائش روکنے اور ان کےخاتمے کےلئےکہیں بھی اسپرے مہم نہیں چلائی جارہی ہے۔

شہرقائد میں رواں ماہ کے دوران 4963 جبکہ رواں سال کے دوران 7532 افراد ڈینگی کا شکار ہوچکے ہیں۔ اس وقت بھی ہزاروں مریض گھروں،سرکاری اور نجی اسپتال میں زیرعلاج ہیں۔ شدید بیمارمریضوں کو پلیٹ لیٹس کے حصول میں بھی شدید دشواریاں پیش آرہی ہیں۔

ادھر صوبائی دارالحکومت میں ڈینگی مچھر پنجے گاڑھنے لگا، ڈینگی مچھر سے متاثرہ مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہونے لگا۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبہ بھر سے ڈینگی کے 385 نئے مریض رپورٹ ہوئے۔

سیکرٹری صحت پنجاب کے مطابق لاہور سے 186، راولپنڈی سے 100 جبکہ گوجرانوالہ سے 32 کیسز رپورٹ ہوئے۔ ملتان سے 13، شیخوپورہ، اوکاڑہ اور حافظ آباد سے 5 ،5 کیسز سامنے آئے، فیصل آباد، خانیوال سے 4 جبکہ گجرات، بہاولپور، چکوال سے 3 ،3 کیسز رپورٹ ہوئے۔

گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ڈینگی وائرس کے باعث کوئی ہلاکت رپورٹ نہیں ہوئی، رواں سال کے دوران پنجاب بھر میں اب تک ڈینگی کے 4ہزار 921 مریض رپورٹ ہو چکے ہیں جبکہ لاہور سے ڈینگی کے کل 2 ہزار 53 کیسز سامنے آئے۔ گزشتہ روز پنجاب بھر میں 1800 مقامات سے لاروا برآمد ہوا، لاہور میں 973 مقامات سے ڈینگی لاروا تلف کیا گیا۔