Thursday, April 25, 2024

ملک میں ڈینگی مچھر کے حملے جاری، مزید سیکڑوں شہری بیمار پڑ گئے

ملک میں ڈینگی مچھر کے حملے جاری، مزید سیکڑوں شہری بیمار پڑ گئے
October 2, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - ملک میں ڈینگی مچھر کے حملے نہ تھم سکے۔ ڈینگی سے مزید سیکڑوں شہری بیمار پڑ گئے۔

وفاقی دارالحکومت میں ڈینگی کیسز روز بروز بڑھنے لگے۔ ڈسڑکٹ ہیلتھ آفیسر اسلام آباد کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران مزید 73 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔ دیہی علاقوں سے 43 ،شہری ایریاز سے 30 ڈینگی کیسز سامنے آئے ہیں۔ ایک روز میں پمز میں 13 اور فیڈرل جنرل اسپتال میں6 ، ہولی فیملی اسپتال میں 5 مریض لائے گئے جبکہ پرائیویٹ لیبارٹریز سے 47 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔

ڈی ایچ او اسلام آباد کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں ڈینگی سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 2508 تک پہنچ گئی ہے۔ رواں سیزن میں ڈٰینگی مچھر کے حملے میں 6 مریض جاں بحق ہو چکے ہیں۔

ڈی ایچ او نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ گھر۔گلی،محلے یا کسی بھی جگہ پانی کھڑا نہ ہونے دیں جو ڈینگی کی افزائش کا سبب بن سکے۔ برتنوں میں پانی کو ڈھانپ کر رکھیں۔