Thursday, March 28, 2024

ملک میں ڈینگی کے وار مزید خطرناک، کراچی گڑھ بن گیا

ملک میں ڈینگی کے وار مزید خطرناک، کراچی گڑھ بن گیا
September 20, 2022 ویب ڈیسک

کراچی/اسلام آباد (92 نیوز) - ملک بھر میں ڈینگی کے وار مزید خطرناک ہونے لگے، کراچی ڈینگی کا گڑھ بن گیا، ایک روز میں چار سو کے قریب افراد ڈینگی بخار میں مبتلا ہوگئے۔

خیبرپختونخوا میں بھی ڈینگی کے حملے تیز ہوگئے، گزشتہ روز 276  کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ ایک لڑکی دم توڑ گئی۔ پنجاب میں 215 افراد میں ڈینگی وائرس کی تشخیص ہوئی، لاہور میں 105 اور راولپنڈی میں 54 کیسز رپورٹ ہوئے۔

شہرِقائد میں روزانہ تقریبا تین سو سے چارسوافراد ڈینگی کا شکار ہوکر اسپتالوں کارخ کررہےہیں۔ ڈینگی بخار سے بڑوں کے ساتھ بچے بھی بیمار پڑنے لگے، سرکاری اور نجی اسپتالوں میں مریضوں کا دباو بڑھ گیا ہے۔

ڈینگی مچھروں کے وار میں اضافے کے باوجود ان کے خاتمے کے لئے خاطر خواہ اقدامات نہیں کئے جا رہے ہیں۔ شہر کے کسی بھی علاقے میں مچھر مار اسپرے مہم شروع نہیں کی جاسکی ہے جس کی وجہ سے ڈینگی اور دیگر مچھروں کی افزائش میں روزانہ اضافہ ہورہا ہے۔

مریضوں اور ان کے تیمار داروں کو علاج معالجے میں بھی شدید دشواریوں کا سامنا ہے۔ کئی اسپتالوں میں مریضوں کو لگانےکےلئے پلیٹلیٹس بھی دستیاب نہیں ہے۔

سرکاری ذرائع کے مطابق رواں برس ہزاروں افراد ڈینگی بخار میں مبتلا ہوچکے ہیں اور یہ سلسلہ روز بہ روز بڑھتا ہی جا رہا ہے۔ رواں برس میں اب تک گیارہ افراد ڈینگی کا نشانہ بن کر موت کے منہ میں جاچکے ہیں۔

ملک بھر کی طرح اسلام آباد میں بھی ڈینگی تیزی سے پھیلنے لگا، گزشتہ روز 68 افراد کی ڈینگی رپورٹ مثبت آئی۔ طبی ماہرین کا کہنا ہے روزانہ اوسطا 500 کے قریب مریض اسپتال داخل ہورہے ہیں، ستمبر اور اکتوبر کا مہینہ ڈینگی کیلئے موزوں ہونے کے باعث آئندہ دنوں میں کیسز تیزی سے بڑھ سکتے ہیں، شہری احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کریں۔