Saturday, September 21, 2024

ملک میں الیکشن نہیں استحکام کی ضرورت، انتخابات وقتِ مقررہ پر ہونگے، سعد رفیق

ملک میں الیکشن نہیں استحکام کی ضرورت، انتخابات وقتِ مقررہ پر ہونگے، سعد رفیق
December 13, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - وفاقی وزیرِریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ ملک میں الیکشن نہیں استحکام کی ضرورت ہے، انتخابات اپنے وقت پر ہوں گے۔

منگل کے روز احتساب عدالت لاہور کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان کا سیاہ دور تھا جو ختم ہوگیا، اسکے سہولت کار ایک ایک کرکے ملک سے باہر چلے گئے، چار سال کا گند آٹھ ماہ میں صاف نہیں ہوسکتا۔

خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ایک جماعت کی خواہش پر الیکشن نہیں ہوسکتے۔ الیکشن کرانا کوئی آسان کام نہیں، پیسہ لگتا ہے دو صوبوں میں آپ کی حکومت ہے کارکردگی دکھاؤ۔

اُن کا کہنا تھا کہ خزانہ خالی ہے، پاکستان ڈیفالٹ کررہا تھا، بڑی مشکل سے بچایا، ہماری 2013 اور 2018 کی کارکردگی کو اس کے 4 سال سے کمپیئر کریں۔ یہ جس حال میں ملک کو چھوڑ کر گئے ڈیفالٹ ہونے جا رہا تھا، ہر چیز مہنگی ہوگئی، اداروں کا بیڑہ غرق کردیا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ نیب میں جو ترامیم ہوئیں اس کے بعد تو نیب کو ختم ہوجانا چاہیئے، نیا ادارہ بننا چاہیئے۔ موقع ملا تو نیب کا ادارہ بنایا جائے گا، ایسا ادارہ جسے کوئی اپنی مرضی سے نہ چلا سکے۔

اس سے قبل پیراگون ہاؤسنگ ریفرنس کیس میں خواجہ برادران احتساب عدالت میں پیش ہوئے، سماعت دو جنوری تک ملتوی کردی گئی۔ عدالت نے خواجہ برادرن کی بریت کی درخواستوں پر وکلاء سے دلائل طلب کرلیے۔