Friday, April 26, 2024

ملک کیخلاف سازش ضرور ہوئی، ماسٹر مائنڈ عمران خان خود ہیں، مریم نواز

ملک کیخلاف سازش ضرور ہوئی، ماسٹر مائنڈ عمران خان خود ہیں، مریم نواز
October 1, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - مسلم لیگ نون کی نائب صدر مریم نواز کہتی ہیں کہ ملک کیخلاف سازش ضرور ہوئی، ماسٹر مائنڈ عمران خان خود ہیں۔

ہفتہ کے روز نون لیگ کی رہنماء مریم نواز نے وفاقی وزراء کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا صرف سازش نہیں، ٹیمپرنگ اور حساس دستاویز کے ساتھ جعل سازی بھی ہوئی، جھوٹا خط لہرانے پر عمران خان قوم سے معافی مانگیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے ملک کو عدم استحکام کا شکار، معیشت کو تباہ کیا۔ خاتون جج کو للکارا، بدتمیزی کی پھر کہا غلطی ہو گئی ہے معاف کر دیں۔ ملکی اداروں کو تنقید کا نشانہ بنایا، اصل میر صادق و میر جعفر عمران خان ہے۔

نائب صدر مسلم لیگ نے آڈیو لیکس کے ذمہ دار عمران خان کو قرار دے دیا، انہوں نے کہا آڈیولیکس کے ذمہ دار عمران خان اور ان کے کوچ ہیں ۔ کوئی ہیکنگ ہوئی نہ ہی ہیکر ہے ۔ عمران خان ہوگا کسی کا لاڈلا لیکن وہ ہمارا لاڈلا نہیں۔

مریم نواز نے نیوز کانفرنس میں مزید کہا کہ امریکا سے تعلقات ٹھیک کرنے کیلئے امریکی لابنگ فرم کو ہائر کیا گیا امریکی فرم کو اسی لیے ہائر کیا گیا تاکہ وہ عمران خان کو معافی دلا دے ۔جس طرح یہ دو ہزار منرل واٹرز کی بوتلیں اٹھا کر لے گئے اسی طرح سائفر بھی ساتھ لے گئے۔

وزیر خزانہ اسحاق ڈار بولے وزیراعظم ہاؤس سے سائفر غائب ہونے پر قانونی کارروائی ہوگی، سنگین سکیورٹی بریچ ہوئی، سیکرٹ ایکٹ کی خلاف ورزی کی، قانون کی دھجیاں اڑائی گئیں، ذمہ دار عمران ہے، اس کی سوچ ہے، وہ حکومت میں نہیں تو پاکستان پر ایٹم بم گرا دو۔ اس نے ملک کو معاشی طور پر بھی تباہ کیا۔