Thursday, April 18, 2024

ملک کی بہتری کے لیے آرمی چیف سے بات کرنے کو تیار ہوں، عمران خان

ملک کی بہتری کے لیے آرمی چیف سے بات کرنے کو تیار ہوں، عمران خان
March 3, 2023 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کہتے ہیں کہ وہ ملک کی بہتری کے لیے آرمی چیف سے بات کرنے کو تیار ہیں۔

لاہور میں صحافیوں سے ملاقات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ کوئی یہ سمجھتا ہے گھٹنے ٹیک دوں تو یہ نہیں ہو سکتا، اب کوئی بات کرنے کو تیار نہیں تو میں کیا کروں، چیلنج کرتا ہوں ان پر اور اہلیہ پر کرپشن کا کوئی ایک کیس بھی ثابت کر دیں۔

عمران خان نے کہا کہ ہماری اسٹیبلشمنٹ کو سمجھ نہیں ہے کہ سیاست کیا ہوتی ہے، پورا زور لگایا گیا کہ پرویز الہی میرا ساتھ چھوڑ دیں، اب ہم نے پرویز الہی کے ساتھ وفاداری دکھانی ہے، کسی کے ساتھ بےوفائی نہیں کر سکتا، جان کے خطرے سے متعلق میری ریکارڈ شدہ ویڈیوز بیرون ملک موجود ہیں۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے سابق آرمی چیف کو ایک مرتبہ پھر ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا جنرل ریٹائرڈ باجوہ نے ان کی کمر میں چاقو مارا، اگر ایک ہی بار میں عام انتخابات ہو جائیں تو پیسے کی بچت ہو گی، پی ڈی ایم کے امپائرز کے باوجود الیکشن جیتیں گے، اوورسیز پاکستانی پی ٹی آئی کے ساتھ ہیں۔

دوسری جانب مجلس وحدت المسلمین کے چھ رکنی وفد نے علامہ راجہ ناصر عباس کی قیادت میں عمران خا ن سے ملاقات کی، جس میں ملک میں سیاسی اور آئینی بحران اور عام انتخابات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

اس سے قبل ڈاکٹروں نے عمران خان کو سیاسی سرگرمیوں کے لئے گرین سگنل دیدیا، چیئرمین پی ٹی آئی ہفتے کو انتخابی مہم کے لئے اپنے سیاسی لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔