ملک کو ڈیفالٹ سے بچانے والے سب سے بڑے دفاعی اثاثے کی قیمت مانگیں گے، عمران خان
لاہور (92 نیوز) - چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا کہنا ہے ملک کو ڈیفالٹ سے بچانے والے سب سے بڑے دفاعی اثاثے کی قیمت مانگیں گے۔
عمران خان نے لانگ مارچ سے ویڈیو لنک پر خطاب کرتے ہوئے پھر ملک کے ڈیفالٹ کرنے کا خدشہ ظاہر کر دیا۔ انہوں نے کہا چھ ماہ قبل کہا تھا پاکستان ڈیفالٹ کرتا ہے تو کون اسے بیل آؤٹ کرے گا؟ موجودہ دور میں قرضے لینے کا رسک پانچ فیصد سے بڑھ کر ساڑھے چونسٹھ فیصد ہو گیا۔ دنیا سمجھتی ہے پاکستان کی معیشت اتنی کمزور ہو گئی ہے قرض واپس نہیں کر سکتی۔ بیرون ملک سے کوئی سرمایہ کاری کرتے ہوئے ڈرے گا۔
عمران خان بولے دنیا اب پاکستان کو قرض دینے پر رسک نہیں لینا چاہتی۔ ہماری معیشت کا جس طرح قتل کیا گیا مثال نہیں ملتی۔ دس سال میں ان دو خاندانوں نے ملکی قرضوں میں چارگنا اضافہ کیا۔ ہمارے دور میں برآمد ات بڑھ رہی تھیں۔ پاکستان کے ڈیفالٹ کرنے کے خدشات پر میرے خلاف غداری کے مقدمات بنائے گئے۔ نوازشریف کو پاکستان کے ڈیفالٹ ہونے سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔