Thursday, April 25, 2024

ملک کو آئے روز نئے بحران کا سامنا ہے، سعید غنی

ملک کو آئے روز نئے بحران کا سامنا ہے، سعید غنی
January 15, 2022 ویب ڈیسک

کراچی (92 نیوز) وزیراطلاعات سندھ سعید غنی کا کہنا ہے ملک کو آئے روز نئے بحران کا سامنا ہے۔

سعید غنی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کسانوں کو یوریا نہیں مل رہی۔ 3مہینے سے حکومت پٹرول کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ کر رہی ہے۔ گیس کا بحران بھی ملک بھر میں ہے۔ کراچی بھر میں تو گیس مل ہی نہیں رہی۔ صنعتی اور گھریلو صارفین گیس کا رونا رو رہے ہیں۔ سندھ میں پی ٹی آئی اور ایم کیو ایم عوام کی توجہ ہٹانے کیلئے احتجاج کر رہی ہے۔ بلدیاتی الیکشن میں انکو ذلت آمیز شکست ہو گی۔

سعید غنی نے کہا لوگ زندگی بچانے والی ادویات بھی خریدنے سے قاصر ہیں۔ ایل این جی میں بھی کرپشن ہو رہی ہے۔ تیل سے بجلی پیدا کی جا رہی ہے۔ بجلی پیدا کرنے کے لئے فرنس آئل استعمال ہو رہا ہے۔ نالائقی وفاقی حکومت کی اور سزا عوام کو دی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کراچی کے منتخب نمائندوں کے اختیار کا جواز بنا کر تماشہ لگایا جا رہا ہے۔ نیپرا نے دسمبر کے بجلی بل میں پونے پانچ روپے فیول ایڈجٹسمنٹ کی اجازت دی اور تین ماہ سے چار روپے ہر ماہ پیٹرولیم لیوی کے نام پر پاکستانیوں سے وصول کیے جا رہے ہیں۔