Thursday, April 25, 2024

ملک خطرناک موڑ پر کھڑا ہے، عدلیہ اور وکلاء قانون کی حکمرانی کیلئے کھڑے ہوں، عمران خان

ملک خطرناک موڑ پر کھڑا ہے، عدلیہ اور وکلاء قانون کی حکمرانی کیلئے کھڑے ہوں، عمران خان
January 25, 2023 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - چیئرمین تحریک انصاف عمران خان ملک ایک خطرناک موڑ پر کھڑا ہے، یہ وقت ہے کہ عدلیہ اور وکلاء قانون کی حکمرانی کیلئے کھڑے ہوں۔

بدھ کے روز نیوز کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا کہ جیل جانے کا خوف نہیں، کتنے لوگوں کو جیل میں ڈالیں گے۔ جن معاشروں میں انصاف اور قانون کی حکمرانی تھی انہوں نے ترقی کی، جانوروں نہیں انسانوں کے معاشرے میں انصاف ہوتا ہے۔ اس طرح کا ظلم کبھی بھی نہیں دیکھا، افسوس سے کہتا ہوں ہمارے بنیادی انسانی حقوق کا تحفظ نہیں کیا گیا۔

عمران خان نے کہا کیا اس کو کہتے ہیں نیوٹرل نگران سیٹ اپ؟ پولیس نے ابھی حراساں کرنا شروع کر دیا ہے، ہمارے کارکنوں کو گرفتار کرنے کا منصوبہ بن چکا ہے۔ کیا یہ پتہ نہیں تھا کہ رجیم چینج میں محسن نقوی کا کتنا کردار تھا، کیا آصف زرداری اسے اپنا بیٹا نہیں کہتا۔ کیا یہ سندھ ہاؤس میں موجو د نہیں تھا، نیب چیئرمین نے محسن  نقوی سے تحقیقات کیں۔ الیکشن کمیشن نے چن کر ہمارا مخالف تعینات کیا جج صاحب نے تین دفعہ فواد چودھری کو پیش کرنے کا کہا۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ آتے ہی جے آئی ٹی کو بند کیا گیا، محسن نقوی نے آتے ہی تفتیشی سعید انور شاہ کو معطل کر دیا، معطلی سے ثابت ہوتا ہے کہ حملہ منصوبہ بندی سے کیا گیا۔ کیوں جے آئی ٹی کو چلنے نہیں دیا گیا، بے نظیر بھٹو اور لیاقت علی خان کو کس نے قتل کیا، کچھ پتہ نہیں پوری کوشش کی جارہی ہے مجھ پر حملے کو کوور اپ کرنے کی۔

انہوں نے مزید کہا کہ اکتوبر میں ہی کہہ دیا تھا کہ یہ مجھ پر حملہ کریں گے۔ میں اپنی ایف آئی آر نہیں کٹوا سکا کیونکہ دوسری طرف طاقتور لوگ تھے۔ ہمارے پاس عدالت اور سڑکوں پر آنے کا راستہ ہے۔

عمران خان نے کہا کہ ہمیں نظر آرہا ہے کہ  ملک تباہی  کی طرف جا رہا ہے، ملک اوپر اٹھانے کیلئے شفاف انتخابات ضروری ہیں، محسن نقوی کو لانے سے واضح ہوگیا کہ یہ انتخابات کے موڈ میں نہیں۔ دنیا عدلیہ کی طرف دیکھ رہی ہے، ملک میں طاقتور ہمیشہ قانون سے اوپر ہے۔ اگر کسی کا خیال ہے کہ میں چوروں کی غلامی قبول کرلوں گا تو میں آخری سانس اور آخری گیند تک لڑوں گا۔