Friday, April 19, 2024

ملک کے 86 اضلاع میں سال کی تیسری قومی انسداد پولیو مہم شروع

ملک کے 86 اضلاع میں سال کی تیسری قومی انسداد پولیو مہم شروع
August 22, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - ملک کے 86 اضلاع میں سال کی تیسری قومی انسداد پولیو مہم شروع ہوگئی۔ مہم کے دوران 4لاکھ، 33 ہزار بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔ وفاقی وزیر صحت نے مہم کی کامیابی کیلئے والدین سے تعاون کی اپیل کردی۔

وزیرِصحت عبدالقادر پٹیل کہتے ہیں وزیراعظم پہلے ہی بچوں کو قطرے پلا کر مہم کا آغاز کر چکے ہیں۔ اس موذی مرض کے خاتمے کے لیے حکومت تمام تر وسائل بروئے کار لارہی ہے۔ پولیو مہم میں 3 لاکھ 92 ہزار فرنٹ لائن ورکرز حصہ لے رہے ہیں۔ جاری مہم میں 43.3 ملین بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف ہے۔

کو آرڈینٹر پولیو پروگرام ڈاکٹر شہزاد بیگ کا کہنا ہے کہ تمام والدین سے گزارش ہے کہ پولیو ورکرز سے تعاون کریں اور بچوں کو پولیو کے قطرے لازمی پلوائیں۔

ترجمان وزارتِ صحت کا کہنا تھا کہ جنوبی خیبرپختونخوا اور کراچی میں 15 اگست سے مہم جاری ہے جبکہ بلوچستان میں مہم 29 اگست سے شروع ہوگی۔