Saturday, May 18, 2024

صدر، وزیراعظم اور وزرا بیرون ملک کمپنیاں چلا رہے ہیں، شاہد خاقان عباسی

صدر، وزیراعظم اور وزرا بیرون ملک کمپنیاں چلا رہے ہیں، شاہد خاقان عباسی
January 11, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) رہنماء مسلم لیگ ن اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ صدر، وزیراعظم اور وزرا بیرون ملک کمپنیاں چلا رہے ہیں۔ 

ن لیگی رہنماء شاہد خاقان عباسی نے میڈیا سے گفتگو میں کہا پی ٹی آئی نے 26 اکاؤنٹس میں سے صرف چار ڈکلیئر کئے، ان کو صادق اور امین کے لقب بانٹے گئے، اب حساب دینے کا وقت آچکا۔ انہیں عدالتوں میں کھڑے ہوکر ملک میں تباہی کا حساب دیں گے۔

اُنہوں نے کہا کہ چیئرمین نیب تین ماہ سے ڈیلی ویجزپر کام کررہے ہیں۔ آج مسئلہ صرف مہنگائی نہیں، آج ایوان بالا اور ایوان زیریں میں عوام پر مزید ٹیکسسز لگانے کی تیاری ہے۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ حکومت بتانے سے قاصر ہے کہ آئی ایم ایف سے کیا وعدے کیے گئے، قانون میں دوہری شہریت کو اجازت دی جارہی ہے، پارلیمان اس کو پوچھنے سے قاصر ہے۔ قانون سازی عوام پر مزید بوجھ ڈالنے کے لیے کی جاتی ہے۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا گورنر اسٹیٹ بینک کی صورت میں وائسرائے مقرر ہے، پارلیمنٹ وزراء اور گورنر اسٹیٹ بینک سے کچھ نہیں پوچھ سکتی۔

اُن کا کہنا تھا کہ اگر مری میں انتظامات کیے جاتے تو سانحہ رونما نہ ہوتا، ماضی میں پولیس اہلکار گاڑیوں کو چیک کرتے رہے ہیں۔ مری میں 22 افراد جاں بحق ہوگئے، کوئی سڑک صاف کرنے والا نہیں تھا۔

ن لیگی رہنماء مزید بولے کہ اِنہوں نے 2300 ارب روپے تعلیم پر لگائے، 70 لاکھ بچے اسکول سے باہر ہیں۔