Thursday, March 28, 2024

ملک بھر میں یوم عاشور عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے

ملک بھر میں یوم عاشور عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے
August 9, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - میدان کربلا میں حضرت امام حسین علیہ السلام اور ساتھیوں کی عظیم قربانی، ملک بھر میں یوم عاشور عقیدت و احترام سے منایا جارہا ہے۔

شہدائے کربلا کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے ملک بھر میں ماتمی جلوسوں اور مجالس عزا ہو رہی ہیں ۔ علماء کرام اور زاکرین حضرت امام حسین علیہ السلام کی حق و صداقت پر مبنی تعلیمات اور سانحہ کربلا کے مختلف پہلوؤں کو اجاگر کر رہے ہیں۔

جلوسوں کی محفوظ اور بلاتعطل روانی یقینی بنانے اور مجالس کے انتظام کے لئے سکیورٹی کے جامع انتظامات کئے گئے ہیں۔ ستر سے زائد اضلاع میں موبائل فون سروس آج بھی جزوی  طور پر بند اور ڈبل سواری پر پابندی ہے۔

لاہور میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس نثار حویلی سے برآمد ہوا۔ جلوس مرکزی راستوں پر رواں دواں ہے جو مقررہ راستوں سے گزرتا ہوا کربلا گامے شاہ پر اختتام پذیر ہو گا۔ کراچی میں مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد  ہو گا اور حسینیہ ایرانیاں کھارادر میں ختم ہو گا ۔ پشاور، کوئٹہ، ملتان، فیصل آباد اور دیگر شہروں میں بھی جلوس نکالے جا رہے ہیں۔ کربلا کے پیاسوں کی یاد میں ملک بھر میں سبیلیں لگائی گئیں، لنگر اور نیاز کی بھی تقسیم کی گئی۔