Tuesday, April 16, 2024

ملک بھر میں سیلاب متاثرہ علاقوں میں پاک فوج کی امدادی کارروائیاں جاری

ملک بھر میں سیلاب متاثرہ علاقوں میں پاک فوج کی امدادی کارروائیاں جاری
August 22, 2022 ویب ڈیسک

کوئٹہ (92 نیوز) - ملک بھر میں سیلاب متاثرہ علاقوں میں پاک فوج کی امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فوج کے دستے بچاؤ اور امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں، بلوچستان میں کوئٹہ، پشین، قلعہ سیف اللہ، زیارت، ژوب، لورالائی اور نوشکی میں پاک آرمی اور فرنٹیئر کور کے دستے امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔

پاک آرمی، ایف سی، پی ڈی ایم اے اور سول انتظامیہ کی ٹیمیں لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر رہی ہیں، سیلاب متاثرین کو پکا پکایا کھانا اور دیگر سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

نصیر آباد، دکی اور لسبیلہ کے علاقوں میں ریلیف کیمپ قائم کیے گئے ہیں، متاثرہ علاقوں میں فوج اور ایف سی کے فری میڈیکل کیمپ بھی لگائے گئے ہیں۔ سیلاب متاثرین کو مفت علاج کی سہولیات اور مفت ادویات بھی فراہم کی جا رہی ہیں۔

ادھر دوسری جانب مواصلات کے بنیادی ڈھانچے کو جلد از جلد بحال کرنے کی تمام کوششیں کی جا رہی ہیں، اضلاع کے اندر، بین الاضلاعی روابط کے ساتھ ژوب ڈی آئی خان سڑک بحال کر دی گئی۔