اسلام آباد (92 نیوز) - ملک بھر میں سردی کی لہر برقرار ہے، گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا کے بالائی علاقوں میں برفباری ہوئی۔
ملک بھر کی طرح اسلام آباد میں بھی سردی کی لہر جاری ہے۔ گلگت بلتستان اور کشمیر کے بالائی علاقوں میں چند مقامات پر ہلکی برفباری سے موسم مزید سرد ہوگیا۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد جبکہ بالائی اضلاع میں مطلع ابر آلود رہے گا۔
سندھ، بلوچستان اور پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہے گا، سکھر، سیالکوٹ، اوکاڑہ، بہاولپور اور ملتان سمیت کئی اضلاع میں ہلکی دھند کا امکان ہے۔
موسم کا احوال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز سب سے زیادہ سردی سکردو اور استور میں پڑی جہاں کا درجہ حرارت منفی 3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
آزاد کشمیر میں سردی سے بچاؤ کے لیے متوسط طبقے نے گرم ملبوسات کی خریداری کے لیے لنڈا بازاروں کا رخ کرلیا ہے۔