Wednesday, April 24, 2024

ملک بھر میں سورج قہر ڈھانے لگا، لاہور میں پارہ 44 ڈگری کو چھو گیا

ملک بھر میں سورج قہر ڈھانے لگا، لاہور میں پارہ 44 ڈگری کو چھو گیا
May 15, 2022 ویب ڈیسک

لاہور/ کراچی (92 نیوز) - ملک میں شدید گرمی سے شہری نڈھال ہوگئے، سورج قہر ڈھانے لگا، لاہور میں پارہ بارہ بجے ہی 44 ڈگری کو چھو گیا، اسلام آباد میں 41 اور کراچی میں 36 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ 

لاہور میں پارہ بارہ بجے ہی 44 ڈگری کو پہنچ گیا، لاہور میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 46 سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے جبکہ شام کے اوقات میں گرد آلود ہوائیں چل سکتی ہیں۔

ملک کے دیگر حصوں کی طرح جنوبی پنجاب میں بھی سورج آگ برسانے میں مصروف ہے، ملتان، بھکر، رحیم یارخان، ٹوبہ ٹیک سنگھ میں پارہ 47 کو چھو گیا، شدید گرمی کا مقابلہ کرنے کے لئے شہری ٹھنڈے مشروبات کا استعمال کر رہے ہیں- دوسری جانب طبی ماہرین نے شہریوں کو دھوپ سے بچاؤ کا مشورہ دیا ہے۔

ادھر سندھ بھر میں قیامت خیز گرمی پڑ رہی ہے، آج بھی سورج اپنے پورے جلال پر ہے۔ مختلف اضلاع ہیٹ ویو کی لپیٹ میں ہیں، شدید گرمی اور حبس نے بازار، شاہراہیں ویران کردی ہیں۔ شہری گھروں میں ہی رہنے کو ترجیح دے رہےہیں۔

محکمہ موسمیات کےمطابق آج رواں سال کا گرم ترین دن ہوسکتا ہے، نوابشاہ، جیکب آباد، دادو سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں پارہ 50 ڈگری تک پہنچنے کا امکان ہے، ہیٹ ویو کی لہر پورا مہینہ ہی وقفے وقفے سے جاری رہے گی۔

سکھر، لاڑکانہ، خیرپور، شکارپور اور قمبر شہداد کوٹ میں درجہ حرارت اڑتالیس سے پچاس ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔ جبکہ میرپورخاص، تھر، بدین اور عمر کوٹ میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت چوالیس سے چھیالیس ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیا جاسکتا ہے۔

دوسری جانب لوڈشیڈنگ نے جینا دوبھر کررکھا ہے، مختلف اضلاع میں ہر ایک گھنٹے بعد کے ایک گھنٹے بجلی بند رکھی جارہی ہے۔ سانگھڑ ضلع کا سب سے براحال ہے جہاں کے شہری علاقوں میں آدھا دن بجلی غائب رہتی ہے تو دیہات میں چوبیس میں سے صرف 6 سے 8 گھنٹے بجلی فراہم کی جاتی ہے۔

کراچی میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ طویل ہوگیا ہے، کہیں 6 تو کہیں 9 گھنٹے تک بجلی بند رکھی جارہی ہے۔ شدید گرمی میں بجلی کی بندش سے شہریوں کا براحال ہوگیا ہے، ملیر، لانڈھی، کورنگی، اورنگی، لائنزایریا، لیاقت آباد، گلستان جوہر کے علاقے زیادہ متاثر ہیں۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ بلوں کی ادائیگی کے باوجود بجلی تقسیم کار کمپنیاں غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کررہی ہیں۔ حکومت کا زیرو لوڈشیڈنگ کا دعویٰ سفید جھوٹ ہے۔

حیدرآباد میں بھی سندھ کے دیگر شہروں کی طرح گرمی کی شدت برقرار ہے، ایسے میں حیسکو کی جانب سے بجلی کی لوڈ شیڈنگ میں کمی نہیں کی جاسکی ہے جس کے باعث شہریوں کو اذیت کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔

ملتان میں میپکو ریجن میں بجلی کی غیر اعلانیہ بندش نے بھی شہریوں کو اذیت میں مبتلا کر رکھا ہے ، مضافاتی علاقوں میں ہر دو گھنٹے بعد ہونے والی لوڈشیڈنگ نے شہریوں کی زندگی اجیرن کر دی ہے۔

گرم موسم اور کھانے پینے میں بے احتیاطی کی وجہ سے گیسٹرو کا مرض پھیل رہا ہے، سرکاری اسپتالوں میں روزانہ کی بنیاد پر سینکڑوں مریض رپورٹ ہو رہے ہیں۔