Saturday, April 20, 2024

ملک بھر میں شہدائے کربلا کا چہلم عقیدت واحترام سے منایا گیا

ملک بھر میں شہدائے کربلا کا چہلم عقیدت واحترام سے منایا گیا
September 17, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - ملک بھر میں شہدائے کربلا کا چہلم عقیدت واحترام سے منایا گیا۔ شہر شہر چہلم کے جلوس نکالے گئے، جو اپنے روایتی راستوں سے ہوتے ہوئے اپنے مقام پر پہنچ کر اختتام پذیر ہوگئے، اس موقع پر سکیورٹی کے سخت اقدمات کیے گئے تھے۔

نواسہ رسول نے اپنے خاندان سمیت اسلام کی سربلندی کے لیے کربلا میں لازوال قربانی دی۔ شہدائے کربلا کا چہلم ملک بھر میں عقیدت سے منایا گیا، اس موقع پر مجالس عزا برپا کی گئیں، جن میں شہدائے کربلا کے فضائل ومصائب بیان کیے گئے۔

لاہور میں حویلی الف شاہ دہلی دروازہ سے برآمد ہونے والا شہدائے کربلا کے چہلم کا مرکزی جلوس اپنے روایتی راستوں سے ہوتا ہوا کربلا گامے شاہ پہنچ کر ختم ہوگیا۔ شرکاء نے نمازِظہرین مسجد شہدا کے قریب ادا کی، جلوس کے راستوں پر سکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

ملتان میں چہلم کا مرکزی جلوس امام بارگاہ ناصر آباد سے برآمد ہوا، جلوس اندرون شہر، حسین آگاہی بازار سے ہوتا ہوا گھنٹہ گھر پہنچا اورآستانہ لعل شاہ پر اختتام پذیر ہوا۔

فیصل آباد میں چہلم کا مرکزی جلوس امام بارگاہ جعفریہ ٹرسٹ دھوبی گھاٹ سے برآمد ہوا جو اپنے روایتی راستوں سے ہوتا ہوا اختتام پذیرہوا۔

راولپنڈی میں مرکزی جلوس امام بارگاہ عاشق حسین تیلی محلہ سے برآمد ہوا اور اپنے روایتی راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ قدیمی جامع مسجد روڈ پہنچ کر اختتام پذیرہوا۔

کراچی میں شہدائے کربلا کے چہلم کا جلوس امام بارگاہ شاہ نجف سے برآمد ہوا، جلوس جمشید روڈ سے گرومندر اور سولجربازار سے ہوتا ہوا نشترپارک پہنچا، جلوس امام بارگاہ حسینیہ ایرانیاں کھاردر میں پہنچ کر اختتام پذیر ہوا، اس موقع پر سکیورٹی کے سخت اقدامات کیے گئے تھے، جلوس کے راستے میں آنے والی گلیوں کو کنٹینر لگا کر بند کردیا گیا تھا۔

حیدرآباد میں چہلم کا مرکزی جلوس قدم گاہ مولا علی سے برآمد ہوا اور اپنے روایتی راستوں سے ہوتا ہوا مغربین سے قبل کربلا دادن شاہ پہنچ کراختتام پذیر ہوا۔

سکھر اور روہڑی میں بھی چہلم کے بڑے جلوس نکالے گئے، نمازِعصر کے بعد نکالے گئے یہ جلوس اپنے مقررہ راستوں سے ہوتے ہوئے اپنے مقام پر پہنچ کر اختتام پذیر ہوگئے۔

پشاور میں چہلم کے جلوس مختلف مقامات سے برآمد ہوئے جو قصہ خوانی بازار پہنچ کر یکجا ہوگئے، جس کے بعد یہ جلوس اپنے مقام پر پہنچ کر اختتام پذیر ہوگئے، اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔

کوئٹہ میں شہدائے کربلا کے چہلم کے دوبڑے جلوس نکالے گئے، پہلا جلوس علمدار روڈ سے اور دوسرا امام بارگاہ ولی عصرسے برآمد ہوا اور اپنے روایتی راستوں سے گزرتے ہوئے اختتام پذیرہوگئے، چہلم کے موقع پر کوئٹہ میں موبائل فون سروس معطل رہی، جلوس کلوز سرکٹ کیمروں اور فضا سے بھی نگرانی کی جاتی رہی۔